بااختیار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تو 2015 ہی الیکشن کا سال ہوگا عمران خان

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم اپنے مطالبات سے دستبردار ہوگئے ہیں، چیرمین تحریک انصاف

جوڈیشل کمیشن کے سامنے ثابت کردوں گا کہ انتخابی دھاندلی میں بہت بڑے بڑے فنکار ملوث تھے، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ وہ افتخار محمد چوہدری کا عدالت میں انتظار کررہے ہیں جہاں وہ بتائیں گے کہ انہوں نے جمہوریت کوکتنا نقصان پہنچایا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی نہیں کی تو اسے ہمارا مسودہ قبول کرلینا چاہیے، مسلم لیگ(ن)کےڈرافٹ کےمطابق جوڈیشل کمیشن کچھ نہیں کرسکےگا۔ اس لئے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی جماعت اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تیار کردہ جوڈیشل کمیشن کے مسودے عوام کے سامنے لائیں گے۔ اعتزاز احسن این اے 124 میں اتنی دھاندلی سامنے لائے ہیں اتنی تو ان کے اپنے حلقے میں نہیں ہوئی۔


تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم اپنے مطالبات سے دستبردار ہوگئے ہیں، جس دن ہم نےملک بند کرنے کا فیصلہ کیا مسلم لیگ (ن)حکومت نہیں چلاسکے گی، وہ دعوے سے کہتے ہیں کہ اگر بااختیار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے اور انتخابی عذرداریاں وہاں منتقل کردی جائیں تو یہ سال الیکشن کا سال ہوگا۔ اسمبلیوں میں واپس جانےکاسوال ہی پیدانہیں ہوتا، تحریک انصاف کاکوئی رکن اسمبلی میں گیاتووہ پارٹی سے بےدخل کردیا جائے گا، اگر بااختیار جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ انتخابات جائزہیں توہم اسمبلیوں میں چلےجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس لیے ڈررہی ہےکہ انھیں پتاہے کہ انھیں ڈیڑھ کروڑ ووٹ نہیں ملے، نگراں حکومت نےآخری تین دنوں میں کئی لاکھ بیلٹ پیپرز چھپوائے، یہ ریٹرننگ افسران کا کمال ہی کا تھا کہ انتخابات میں انہیں اتنے زیادہ ووٹ ملے۔ جوڈیشل کمیشن کے سامنے وہ ثابت کریں گے کہ بہت بڑے بڑے فنکارانتخابی دھاندلی میں ملوث تھے، ریٹرننگ افسران کے پیچھے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے تھے۔ وہ عدالت میں افتخار چوہدری کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں، وہ ثابت کردیں گے کہ سابق چیف جسٹس نے جمہوریت کوکتنا نقصان پہنچایا۔
Load Next Story