آئی پی ایل کرپشن کیس میں میرا نام اچھالا جاتا رہے گا مہندر سنگھ دھونی

ایک ایشو ختم ہوا تو دوسرا جلد ہی شروع ہوجائے گا اور ایسی چیزوں کا میں عادی ہوچکا ہوں، بھارتی کپتان

انڈین پریمیئر لیگ کرپشن اسکینڈل مہندرا سنگھ دھونی کا نام بھی لیا جارہا ہے،۔ فوٹو: فائل

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے آئی پی ایل اسکینڈل کے حوالے سے کہا ہے کہ میرا نام مختلف معاملات میں بدستور اچھالا جائے گا، ایک ایشو ختم ہوا تو دوسرا جلد ہی شروع ہوجائے گا، ایسی چیزوں کا میں عادی ہوچکا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کرپشن اسکینڈل جب سے سامنے آیا ہے اس میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا نام بھی لیا جارہا ہے، وہ چنئی سپر کنگز کے کپتان ہیں جس کے ٹاپ آفیشل اور مالک این سری نواسن کے داماد گروناتھن میاپن پر جوئے کا الزام سچ ثابت ہوچکا ہے، یہ رپورٹس بھی منظر عام پر آئیں کہ کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث جن 13 افراد کے نام سیل بند لفافے میں مدگال کمیٹی نے بھارتی سپریم کورٹ کو دیے تھے ان میں دھونی بھی شامل ہیں، ابھی ان کے بارے میں کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔


گذشتہ دنوں بھارتی سپریم کورٹ نے اسی کیس میں بی سی سی آئی کے معطل صدر این سری نواسن کے اس وقت تک بورڈ انتخابات میں حصہ لینے پرپابندی عائد کردی جب تک کہ ان کے پاس آئی پی ایل فرنچائز چنئی سپر کنگز کی ملکیت ہے۔ دھونی ان دو برس کے دوران اس معاملے پر چپ سادھے رہے تھے تاہم ٹرائنگولر سیریز میں آسٹریلیا سے اہم ترین میچ سے قبل پریس کانفرنس میں جب دھونی سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں سوال ہوا تو انھوں نے اس معاملے پر اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے کہا کہ میں ایک بات جانتا ہوں کہ اس بات سے قطع نظر کہ کیا فیصلہ ہوا ہے میرا نام بدستور اچھالا جاتا رہے گا۔

اب بظاہر یہ کیس ختم لگتا ہے لیکن کوئی نئی چیز سامنے آجائے گی اور ایک بعد دوسری چیزمیں میرا نام لیا جانے لگے گا، میں ان کا عادی ہوگیا ہوں، میرے خلاف کچھ غلط ثابت نہیں ہوا پھر بھی کوئی چھوٹی یا بڑی جھوٹی اسٹوری سامنے آجائے گی، میں شروع سے ان چیزوں کا سامنا کررہا اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔
Load Next Story