پولیس کو انسداد دہشت گردی کا فریش کورس کرایا جائیگا ڈی آئی جی ٹریننگ

جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پولیس کی تربیت میں بھی جدت پیداکی گئی ہے، ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ

تربیت کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے7 اہلکاروں کو مہمان خصوصی نے تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ ڈاکٹر محمد جمیل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پولیس کی تربیت میں بھی جدت پیداکی گئی ہے ،گزشتہ چند سال سے انسداد دہشت گردی کی تربیت لازمی حصہ بن گئی ہے لیکن جواہلکاراس سے قبل تربیت کرچکے ہیں انھیں بھی اب انسداد دہشت گردی کی تربیت کاخصوصی ریفریش کورس کرایا جائے گا،جلدہی تمام رینج سے اہلکاروںکوکورس کے لیے بلایا جائے گا۔


جمعہ کو شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پولیس کی تربیت میں بھی جدت پیداکی گئی ہے، اہلکاروں کو نشانہ بازی، مغوی کی بازیابی، بلند عمارتوں میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت بازیاب کرانا ، اسنیپ چیکنگ سمیت دیگر کئی امورکوتربیت کاحصہ بنایا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ شہدا کے ورثا کے لیے کئی نئے منصوبے زیر غور ہیں۔

شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹررزاق آباد میں ایلیٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں338 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا،اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے،تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ ڈاکٹر محمد جمیل تھے، مہمان خصوصی کی آمد پر بگل بجایا گیا اورانھیں سلامی پیش کی گئی، مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد ایس ایس پی مقصود میمن نے سپاس نامہ پیش کیا، 30 ویں ایلیٹ پولیس ٹریننگ کورس میں 338 پولیس اہلکارپاس آؤٹ ہوئے جن میں11 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

تقریب کے بعد جوانوں نے اپنی تربیت اور اعلیٰ مہارت کا عملی مظاہرہ پیش کیا،تربیت کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے7 اہلکاروں کو مہمان خصوصی نے تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا، تقریب میں اعلیٰ پولیس افسران پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ ، غیر ملکی مندوبین ، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Load Next Story