پہلے ون ڈے میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

نیوزی لینڈ نے 211 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

شاہد آفری نے 29 گیندوں پر برق رفتار 67 جبکہ مصباح الحق نے 58 رنز اسکور کئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

دو ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔


نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کیوی قائد برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو حسب روایت پاکستان کے ابتدائی بلے باز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ محمد حفیظ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے جب کہ احمد شہزاد 15 اور یونس خان 9 رنز بنا کر چلتے بنے، حارث سہیل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد 5 اور بلاول بھٹی اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، ایک جانب گرین شرٹس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں لیکن دوسری جانب مصباح الحق محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے رہے اور 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی نے 29 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے قومی ٹیم کے مجموعی اسکور میں برق رفتار 67 رنز کا اضافہ کیا۔ پوری پاکستانی ٹیم 46ویں اوور میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 3 جب کہ کورے اینڈرسن، ٹرینٹ بولٹ اور کائل ملز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 211 رنز کا ہدف کیوی بلے بازوں نے صرف 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور روس ٹیلر نے ففٹیز اسکور کیں جب کہ مارٹن گپٹل نے 39 اور ٹام لیتھم نے 23 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 40 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ پاکسان کی جانب سے شاہد آفریدی، محمد عرفان اور بلاول بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story