فواد خان ’’فلم فیئر ایوارڈ‘‘ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اداکاربن گئے
بھارتی فلم انڈسٹری میں فلم "خوبصورت" سے شہرت پانے والے پاکستانی اداکارفواد خان نے فلم فیئرایوارڈ 2015 اپنے نام کرلیا۔
بھارتی فلم نگری کے سب سے بڑے ایوارڈ "فلم فیئر ایوارڈ" کی 60 ویں تقریب کا انعقاد ممبئی میں یش راج اسٹوڈیو میں ہوا جہاں فلم اور اس سے جڑے افراد کو ایوارڈ سے نوازاگیا اوراس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ ''بیسٹ میل ڈیبیو'' ایوارڈ کے لئے ٹائیگرشروف، طاہر راج بھشن، فریدے دارووالا،شارب ہاشمی اور پاکستانی اداکار فواد خان منتخب ہوئے لیکن ایوارڈ اپنے نام کیا فواد خان نے اوریوں وہ فلم فیئر ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی اداکار بھی بن گئے ، فواد خان نے یہ ایوارڈ اپنی اہلیہ صدف فواد کے ہمراہ وصول کیا۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہد کپور نے فلم "حیدر" میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت حاصل کیا، اسی طرح بہترین اداکارہ کا ایوارڈ کنگنا رناوت کے حصے میں آیا، بہترین نقاد کا ایوارڈ نامور ہدایت کار مہیش بھٹ کی صاحبزادی عالیہ بھٹ لے اڑیں جب کہ فلم کوئین کو بہترین فلم کے اعزاز سے نوازا گیا۔ معاون اداکارکا ایوارڈ کے کے مینن نے اپنے نام کیا جب کہ فلم حیدر میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت تبو بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں۔