یوکرین میں باغیوں سے جھڑپ میں 16 فوجیوں سمیت 19 افراد ہلاک
یوکرین میں فوج اور باغیوں کےدرمیان جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کے بعد جھڑپوں کے دوران 13 فوجیوں سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی یوکرین کے شہر ڈونٹسک اور لوہانسک میں فوج اور روس نواز باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران 13 فوجی ہلاک اور 6 عام شہری مارے گئے۔ 31 جنوری کو جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کے بعد سے اب تک جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد 28 ہوگئی۔ یوکرینی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نواز باغیوں نے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوج کو نشانہ بنایا جب کہ باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ ستمبر میں چالاکی سے کرائے گئے جنگ بندی معاہدہ کی از سر نو تجدید چاہتے ہیں۔
دوسری جانب روس اور یوکرینی حکام کے مابین مذاکرات کی راہ ہموار کرنے والی یورپی تنظیم او ایس سی ای کا کہنا ہے کہ باغی رہنما جنگ بندی معاہدہ پر عملدرآمد اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی روک تھام پر رضا مند نہیں اور گزشتہ سال ستمبر میں ہونے والے امن معاہدہ کی از سرنوتشکیل چاہتے ہیں تاہم دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد امن معاہدہ خطرے میں پڑ چکا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرینی حکام اور روس نواز باغیوں کے درمیان گزشتہ سال ستمبر میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا جو ہفتے کے روز فائرنگ کے تبادلے کے بعد ختم کردیا گیا جبکہ دونوں جانب سے فائرنگ کے الزامات ایک دوسرے پر لگائے جارہے ہیں۔