لاہور ہائی کورٹ نے ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن کی منسوخی روک دی

پنجاب حکومت اور رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز 2 ہفتوں میں رپورٹ پیش کریں ، عدالت عالیہ کا حکم

سانحہ ماڈل ٹاؤن کےبعد پنجاب حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے،ادارہ منہاج القرآن کا موقف فوٹو: فائل

عدالت عالیہ نے ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن کی منسوخی روکتے ہوئے پنجاب حکومت اور رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


لاہور ہائی کورٹ میں ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت ادارہ منہاج القرآن کے عہدیداروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز نے بلٹ پروف گاڑی اور کنٹینر کی خریداری کے سلسلے میں تحریری جواب داخل کرانے کے باوجود ادارے کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا نوٹس جاری کیا جو کہ کسی بھی طرح درست نہیں، اس لئے رجسٹریشن منسوخی کا نوٹس کالعدم کیا جائے۔ عدالت عالیہ نے ادارہ منہاج القرآن کا موقف سننے کے بعد رجسٹریشن کی منسوخی روکتے ہوئے پنجاب حکومت اور رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 20 دسمبر 2014 کو رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز کی جانب سے ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا نوٹس بھجوایا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ادارے نےغیرقانونی طورپربلٹ پروف گاڑیاں اور کنٹینر خریدے اور اپنی آڈٹ رپورٹ میں بلٹ پروف گاڑیوں اور کنٹینرز کی خریداری ظاہر نہیں کی گئی۔
Load Next Story