غربت سے تنگ باپ 6 بچوں کو ایدھی ہوم میں چھوڑ گیا

بچوں کا باپ بے روزگار ہے اوراس کے پاس گھر کا کرایہ دینے تک کے لیے رقم نہیں ہے،عبدالستار ایدھی

عبدالستار ایدھی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کوگھر لے جائیں۔ فوٹو: ایکسپریس

قائد آباد کے رہائشی باپ نے گھریلو ناچاقی اور غربت سے تنگ آکر 6 بچوں کو ایدھی ہوم میں چھوڑ دیا، بچوں میں 4 بیٹے اور2بیٹیاں شامل ہیں جن کی عمریں 8 ماہ سے7 سال کے درمیان ہیں۔


تفصیلات کے مطابق لانڈھی قائد آباد کا رہائشی ارشاد نامی شخص نے گھریلو ناچاقی اورغربت سے تنگ آکر 6جگر گوشے 8ماہ کی بیٹی ثمن 3سالہ بیٹا حسین ،4سالہ بیٹا شاہ زیب ،5سالہ بیٹا ذوالقرنین،6 سالہ بیٹی ایمن اور7 سالہ بیٹے اویس کو میٹھادرکے علاقے میں واقع ایدھی ہوم میں چھوڑ دیا، بچوں کا کہنا ہے کہ والدین میں لڑائی جھگڑے روزکا معمول تھے، والد ان کی والدہ کو بے رحمی سے مارا بھی کرتے تھے روز روز مار پیٹ سے تنگ آکر والدہ انہیں چھوڑ کر چلی گئیں، بچے پریشان اوروالدین کو یاد کرتے ہوئے افسردہ ہیں، وہ اپنے پرانے گھر جانا چاہتے ہیں۔

عبدالستار ایدھی اور ترجمان انور کاظمی کا کہنا ہے کہ بچوں کا باپ بے روزگار ہے اوراس کے پاس گھر کا کرایہ دینے تک کے لیے رقم نہیں، اسی وجہ سے وہ اپنے جگر گوشوں کو ایدھی سینٹر چھوڑکرگیا ہے،انور کاظمی کا کہنا ہے کہ شوہر ارشاد نے8سال قبل زبیدہ نامی خاتون سے پسند کی شادی کی تھی، ارشاد کام کاج نہیں کرتا تھا جس کے باعث گھرمیں فاقہ کشی تھی، اسی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان روزانہ جھگڑے ہوا کرتے تھے، اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا،میاں بیوی میں ناچاقیاں اس حد تک بڑھ گئی تھیں کہ بلاآخر بیوی بچوں کو گھر چھوڑ کر کہیں چلی گئی، عبدالستار ایدھی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کوگھر لے جائیں ۔
Load Next Story