کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ ورلڈ کپ کے بعد دیکھا جائے گا نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کوئی ایشو نہیں اور ورلڈ کپ کے بعد اس معاملے پر بات ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پرکھلاڑیوں کی جانب سے احتجاج سامنے آنا زیر غور ہے لیکن سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق کوئی ایشو نہیں ورلڈ کپ کے بعد اس پر بات کریں گے جب کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کئے جانے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا ہے اور بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کا اسے پورا اختیار ہے کیوں کہ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ میں موجود ہے اس لئے جو کھلاڑی بھی اس ایونٹ کے لئے منتخب ہوئے ہمیں انہیں تسلیم کر لینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق چیرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں کی حتمی منظوری دینا ہوتی ہے لیکن اگر چیرمین یا کوئی اوردرمیان میں آئےتو معاملات مختلف ہوجاتےہیں۔
ایگزیکٹیوبورڈ کے چیرمین نے کہا کہ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں، بنگلادیش کے ساتھ سیریز پر بات ہورہی ہے جب کہ پاک بھارت سیریز کے بعد پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال ہوسکتا ہے جس کے لئے دبئی کا انتخاب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ پی سی ایل میں مقامی کھلاڑیوں سمیت نامور کھلاڑی بھی نظر آئیں گے۔