ویمنزورلڈکپ انگلینڈ نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی

سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو7 وکٹ سے مات، شارلوٹ ایڈورڈز نے33 رنز اسکور کیے.

سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو7 وکٹ سے مات، شارلوٹ ایڈورڈز نے33 رنز اسکور کیے. (فوٹو : فائل)

آئی سی سی ویمنز ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو7 وکٹ سے مات دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا لی۔


لو اسکور نگ مقابلے میں فاتح کپتان شارلوٹ ایڈورڈز33 قیمتی رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،کیوی سائیڈکو افتتاحی نقصان بغیر کھاتہ کھولے پہنچا، جب کپتان سوزی بیٹس رن آئوٹ ہوگئیں، دوسر ے اینڈ پر موجود ایمی سیٹرتھویٹ نے ثابت قدمی سے کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا،ٹیم کے6 میں سے3 چوکے ان ہی کے نام رہے، ایمی نے 39 گیندوں پر 30 رنز جوڑے،ان کی میدان میں موجودگی کے دوران 4 وکٹیں گریں ، جب وہ پویلین واپس گئیں تو مجموعی اسکور5 وکٹ پر57تھا۔

بعد ازاں نکول برائون اور کیٹی مارٹن نے بالترتیب 18 اور19 رنز بنائے، کیویز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر93 رنز اسکور کیے، ہولی کولون اور ڈینیلے ویاٹ نے2،2وکٹیں حاصل کیں، انگلینڈ نے ہدف 17.2 اوورز میں عبور کرلیا،وننگ شاٹ اسٹیفنی ٹیلر(21 ناٹ آئوٹ) نے کھیلا، انھوں نے 32 گیندو ں کا سامنا کیا اور ایک چھکا بھی لگایا۔ قبل ازیں کپتان شارلوٹ ایڈورڈز نے لیورا مارش (11)کے ہمراہ ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، جب مجموعہ 53پر پہنچا تو 5 چوکوں پر مشتمل ان کی 33 رنز کی اننگز کو بھی بریک لگ گیا، لیڈیا گرین 22 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں، سیان رک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعے کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
Load Next Story