موجودہ دورحکومت میں ہی بجلی اورگیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی وزیراعظم نواز شریف
وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور عوام سے ان کے مسائل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے ان کے سامنے مسائل کے انبار لگادیئے، جس پر وزیر اعظم نے انہیں تمام مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں مسائل بہت سنگین ہیں، حکومت کی جانب سے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پیٹرول کی قیمت 107 روپے فی لیٹر سے کم کرکے 70 روپے کی سطح پر لے آئے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔ پاکستان میں گیس کی کمی 2 سال میں ختم ہوجائے گی، ہمارے دور میں ہی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی۔