عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے خلاف اہم ثبوت وکیل کو دیدیئے

اہم ن لیگی رہنماؤں سے جسٹس افتخارکی ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیے جانے کاامکان ہے۔

عمران خان کے وکیل نے سابق چیف جسٹس کے خلاف کئی گواہ بھی تیار کرلیے۔ وٹو: فائل

ABBOTABAD:
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے افتخارمحمد چوہدری کے ہتک عزت کے دعوے کے جواب میں ان کے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی میں ملوث ہونے سے متعلق اہم ثبوت اپنے وکیل بابراعوان کے حوالے کردیے ہیں جنہیں وہ عدالت میں آئندہ سماعت پر پیش کریں گے۔


سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف اہم مسلم لیگ(ن) رہنماؤں کی ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیے جانے کاامکان ہے، سابق ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کا بیان حلفی بھی حاصل کر لیاگیا ہے جو عدالت میں پیش کیا جائے گا،انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے عمران خان اور افتخار محمد چوہدری کے درمیان شروع ہونے والی قانونی جنگ میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

سابق چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کے بیانات حلفی جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے کا بیان حلفی سمیت دیگر قانونی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جب کہ ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابراعوان نے بھی پیش بندی کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کے بعض فیصلوں ان کے بیٹے ارسلان افتخار سمیت دیگرکئی اہم معاملات کوعدالت تک لے جانے کا بندوبست کیا ہے۔
Load Next Story