6 بچے ایدھی سینٹر چھوڑ جانیوالے والدین نے بچے واپس لے لیے

ہم میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والی ناراضگی ختم ہوگئی ہے جس کے بعد اپنے بچے واپس لینے آیا ہوں، ارشاد

ارشاد نے 8 برس قبل زبیدہ نامی خاتون سے شادی کی تھی لیکن غربت کے باعث گھریلو ناچاقی بڑھ گئی اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی تھی، فوٹو: ایکسپریس

لاہور:
غربت اور گھریلو ناچاقی کے باعث 6 بچوں کو ایدھی سینٹر چھوڑ کر جانے والے والدین نے بچوں کو واپس لے لیا اور خوشی خوشی گھر روانہ ہوگئے،بچوں میں 8 ماہ کی بچی بھی شامل تھی۔


تفصیلات کے مطابق اپنے ہی جگر گوشوں کو ایدھی سینٹر میں داخل کرانے والے والد نے بچوں کوواپس لے لیا ہے، ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان انور کاظمی نے بتایا ہے کہ منگل کو ارشاد نے میٹھادر سینٹر آکر اپنے بچے واپس لے لیے ہیں، بچوں میں 8 سالہ اویس ، 6 سالہ ایمن، 5 سالہ ذوالقرنین، 4 سالہ شاہ زیب، 3 سالہ حسنین اور8 ماہ کی ثمن شامل ہیں،انور کاظمی نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ارشاد نے 8 برس قبل زبیدہ نامی خاتون سے شادی کی تھی، غربت کے باعث گھریلو ناچاقی بڑھ گئی اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی، کسمپرسی سے گھر میں فاقے بھی ہونے لگے تھے۔

گزشتہ روز جب ارشاد ایدھی سینٹر میٹھادر آیا تو اس نے بتایا کہ میں نے اہلیہ اور سسرال والوں سے بات چیت کرلی ہے، ہم میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والی ناراضگی ختم ہوگئی ہے جس کے بعد وہ اپنے بچے واپس لینے آیا ہے، ایدھی فائونڈیشن نے بچوں کو والد کے حوالے کردیا، والدین بچوں کو لیکر ہنسی خوشی گھر روانہ ہوگئے، ارشاد قائد آباد کا رہائشی ہے، ایک ہفتہ قبل 3 فروری کو ارشاد اپنے بچوں کو ایدھی سینٹر میٹھادر میں چھوڑ گیا تھا۔
Load Next Story