چیف جسٹس کا شہباز شریف کی دہری شہریت پر راجہ ریاض کے بیان کا نوٹس

دہری شہریت کے حامل افرادعوامی نمائندگی کیلیے نااہل ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب خود پیش ہوکر وضاحت کریں،سپریم کورٹ کااعلامیہ

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ آفس کوشہبازشریف اورراجہ ریاض سمیت خبر شائع کرنیوالے اخبارات کے مدیروںکونوٹس جاری کرنیکی ہدایت کردی. فوٹو آن لائن

KARACHI:
چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی مبینہ دہری شہریت کانوٹس لے کر انھیں وضاحت کیلیے عدالت طلب کر لیا ہے ۔


نوٹس پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے ایک اخباری بیان پر لیا گیا ہے جس میں شہباز شریف پر دہری شہریت رکھنے کا الزام عائدکیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے خبرکی تصدیق اور الزام کے حق میں شواہد دینے کیلیے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کو خود پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ خبر شائع کرنے والے اخبارات کے ایڈیٹروںکو بھی طلب کر لیاگیا ہے۔سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق دہری شہریت کے حامل افراد آئین کے تحت عوامی نمائندگی کیلیے نااہل ہیں اوراس بنیادپرمتعدد پارلیمنٹیرین نا اہل ہوچکے ہیں،اس لیے وزیر اعلیٰ پنجاب خود پیش ہوکر وضاحت کریں ۔

سماعت 17اکتوبرکو دہری شہریت کیس کے ساتھ مقررکر دی گئی ہے۔ این این آئی کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ آفس کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کے علاوہ وضاحت کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور مذکورہ خبر شائع کر نے والے اخبارات کے مدیران کو 17اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کیلیے نوٹس جاری کیے جائیں عدالت عظمیٰ مذکورہ معاملے کی اس حوالے سے زیر سماعت دہری شہریت کیس کے ساتھ سترہ اکتوبر کو سماعت کرے گی ۔
Load Next Story