پاکستانی بھینسے نے بھارتی بھینسے کو مقابلے میں میدان سے مار بھگایا
دنیا بھر میں ورلڈ کپ کا بخار کرکٹ شائقین کے سر پر چڑھ چکا ہے اور اس دنگل میں ہونے والے پاک بھارت میچ نے تو ہر شخص کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے جس کا ایک دلچسپ نمونہ دیکھنے کو ملا جہاں لوگوں نے دو بھینسوں پر پاکستان اور بھارت کے پرچم میں رنگ کر ہی انہیں لڑا دیا۔
کرکٹ شائقین نے ورلڈکپ میں پاک بھارت دنگل سے پہلے ہی ایک دلچسپ دنگل سجایا جس میں مدمقابل نہ تو کھلاڑی تھے اور نہ ہی انسان بلکہ اس دلچسپ مقابلے میں لوگوں نے دو بھینسوں کو میدان میں اتارا جن میں سے ایک پر پاکستان اور دوسرے پر بھارت کا جھنڈا بنایا گیا، مقابلے میں شریک دونوں بھینسے آپس میں ٹکرائے تو پاکستانی پرچم سے رنگے بھینسے نے بھارتی حریف کو ایسی زوردار ٹکریں ماریں جس پر وہ میدان سے دم دباکر بھاگ کھڑا ہوا۔
لوگوں نے اس دلچسپ مقابلے کے بعد جیتنے والے پاکستانی پرچم والے بھینسے کو تالیاں بجاکر نہ صرف خوب داد دی بلکہ یہ امید بھی ظاہر کی کہ ورلڈکپ کے میچ میں قومی ٹیم بھی بھارتی سورماؤں کو اس طرح میدان سے دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردے گی۔
واضح رہے کہ کرکٹ کی عالمی جنگ میں پاکستان اور بھارت کا انتہائی اہم مقابلہ 15 فروری کو ہوگا جس کے لیے دونوں ممالک کے عوام اپنی ٹیموں کے لیے بھرپور جذبات کا اظہار کررہے ہیں تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان ورلڈکپ کے کسی بھی مقابلے میں بھارت کو شکست نہیں دے سکا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار قومی ٹیم اس بھینسے کی طرح بھارتی ٹیم کو شکست سے دوچار کرپائے گی۔