امریکا میں دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں پاکستانی نژاد شہری مجرم قرار

عدالت نے2009 میں لاہورمیں حساس ادارے کے دفتر پر حملے میں دہشتگردوں کی معاونت کے الزام پاکستانی نژادشہری کومجرم قراردیا

علی جلیل کی بیوی کو مشورہ اور مالی معاونت فراہم کی جس سے وہ گرفتاری سے بچ سکتے تھے،رضا خان کا عدالت میں اعتراف۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
امریکی عدالت نے 2009 میں لاہور میں حساس ادارے کے دفتر پر حملے میں دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں پاکستانی نژاد شہری کو مجرم قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست اریگون میں پورلینڈ کے رہائشی رضا قادر خان کو 2013 میں مالدیپ سے تعلق رکھنے والے علی جلیل نامی خودکش حملہ آور اور اس کے گھر والوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔


رضا قادر خان پر عائد کی گئی فرد جرم میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے علی جلیل اور اس کے گھر والوں سے 2005 سے مئی 2009 تک رابطہ رکھا ۔ اسی ماہ میں علی جلیل نے لاہور میں پولیس کے ہیڈ کوارٹر دفتر پرحملہ کیا، سماعت کے دوران رضا قادر خان نے عدالت میں اپنی درخواست میں اعتراف کیا کہ اس نے علی جلیل کی بیوی کو ایسا مشورہ اور مالی معاونت فراہم کی جس سے وہ گرفتاری سے بچ سکتے تھے، مقدمے کے دوران استغاثہ اور حکومت دونوں نے رضا قادر خان کو 87 ماہ قید کی سفارش کی تھی۔ عدالت نے پاکستانی نژاد شہری کو مجرم قرار دے دیا ہے تاہم سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 28 مئی 2009 کو لاہور میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملے کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جب کہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story