آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ کردیا

آئرلینڈ نے 305 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ نے 92 اور ایڈ جوئس نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ نیل اوبرائن 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: رائٹرز

ورلڈ کپ کے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ کردیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے 305 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، آئرلینڈ جیسی ٹیم کے سامنے ویسٹ انڈیز کے بولرز بالکل بے بس نظر آئے اور اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے 71 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ولیم پورٹر فیلڈ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، پورٹر فیلڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد ایڈ جوئس کریز پر آئے اور پال اسٹرلنگ کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 177 رنز تک پہنچایا تاہم پھر اسٹرلنگ 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مارلن سیمیولز کا شکار ہوئے جب کہ ایڈ جوئس 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیروم ٹیلر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ 285 کے مجموعی اسکور پر گری جب اینڈی بالبرنائی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس موقع پر نیل اوبرائن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 79 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ گیری ولسن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 3 جب کہ کرس گیل اور مارلن سیمیولز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بہترین کارکردگی پر پال اسٹرلنگ کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔


قبل ازیں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈین اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور ڈیوائن اسمتھ 30 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنا کر کیون اوبرائن کا شکار بن گئے، ایک رن کے اضافے پر ڈیرن براوو بھی رن آؤٹ ہو گئے، گرس گیل بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 65 گیندوں پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مارلن سیموئلز21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ دنیش رامدین بھی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ کر سکے۔

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑی 87 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس موقع پر لینڈی سمنز اور ڈیرن سیمی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 241 رنز تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 154 رنز کی شراکت ہوئی اور ڈیرن سیمی 89 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم لینڈی سمنرز نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور آخری اوور 102 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ آندرے رسل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 304 رنز اسکور گئے۔ آئر لینڈ کی جانب سے جارج ڈاک ریل نے 3 جب کہ کیون اوبرائن، میکس سورنسن اور جان مونے کے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

Load Next Story