ورلڈ کپ بعض کھلاڑیوں کے لیے ’’فیملی افیئر‘‘ بن گیا

جیف مارش کے بیٹے مچل مارش نے پہلے میچ کو 5 وکٹوں سے یادگار بنایا

ویسٹ انڈین سنچری میکر لینڈل کے چچا فل نے اپنی کوچنگ میں آئرش ٹیم کو فتح دلائی فوٹو : فائل

کرکٹ ورلڈ کپ بعض کھلاڑیوں کیلیے ''فیملی افیئر'' بن گیا۔


تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے افتتاحی میچ میں مچل مارش نے 5 وکٹیں لے کر آسٹریلوی ٹیم کی 111 رنز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ساتھ ہی انھوں نے ورلڈکپ میں اپنے پہلے مقابلے کو یادگار بھی بنا لیا، ان کے والد جیف مارش نے 28 برس قبل چنئی میں بھارت کیخلاف میگا ایونٹ میں اپنے ڈیبیو مقابلے میں سنچری جڑ کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی، 1987 کے اس ٹورنامنٹ میں کینگروز فاتح رہے تھے، مارش کے ایک اور بیٹے شان بھی کرکٹ کھیلتے ہیں۔ 1983 کے ورلڈ کپ میں میڈیم پیسر روجر بنی نے بھارتی فاتحانہ مہم میں مرکزی کردار نبھایا تھا، اب موجودہ سائیڈ میں ان کے بیٹے اسٹورٹ شامل ہیں، راجر اس وقت بھارتی سلیکشن پینل میں شامل ہیں، اس لیے اسٹورٹ کے انتخاب پر اقربا پروری کا الزام بھی عائد ہوا۔

سمنز فیملی نے تو خود کو 2 حریفوں میں بٹا ہوا پایا۔ ویسٹ انڈیز کے پہلے ورلڈ کپ میچ میں لینڈل سمنز نے سنچری اسکور کی لیکن ان کی سائیڈ آئرش ٹیم کو زیر نہیں کرپائی، اس کی کوچنگ ان کے چچا فل کررہے ہیں جو خود بھی سابق ویسٹ انڈین بیٹسمین رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت سے میچ میں عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کرائی جبکہ گذشتہ میگا ایونٹ میں یہ ذمہ داری ان کے بڑے بھائی کامران نے نبھائی تھی۔ آئرش ٹیم میں اوبرائن بھائیوں نیل اور کیون کی کافی عرصے سے دھوم مچی ہوئی ہے۔ پہلے ورلڈ کپکی آسٹریلوی ٹیم میں چیپل برادرز شامل تھے،1999 کی چیمپئن کینگرو سائیڈ میں اسٹیو اور مارک وا کی صورت میں بھائیوں کی جوڑی شامل تھی۔
Load Next Story