وزیر اعظم نواز شریف نے آصف زرداری کو سینیٹ انتخابات کیلیے اتحاد کا عندیہ دے دیا

پیپلزپارٹی اتحادکرناچاہے،خیرمقدم کرینگے،معاملے پرمذاکرات کا باضابطہ آغازکیاجاسکتا ہے،وزیراعظم

سینیٹ انتخابات سے متعلق مختلف جماعتوں سے رابطے میں ہیں ، ن لیگ کومشاورت کے بعد جواب دیں گے،آصف زرداری فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدرآصف علی زرداری سے ملاقات میں ان کو عندیہ دیا ہے کہ اگرپیپلز پارٹی سینیٹ کے انتخابات میں اتحاد کے لیے ن لیگ کے ساتھ بات چیت کرنا چاہیے توہم اس کاخیرمقدم کریں گے،

سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے مختلف جماعتوں سے رابطے میں ہے ،مشاورت کے بعد جواب دیں گے،تاہم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے،ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نوازشریف سے پیر کو گورنر ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری نے ملاقات کی، انتہائی باخبرذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیکیورٹی وسیاسی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان ،سینیٹ کے انتخابات ، سندھ باالخصوص کراچی آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کے مطابق سابق صدرآصف زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں حالیہ کیے جانے والے اقدامات پر پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے سابق صدر زرداری کی مفاہمتی پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ سندھ کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان بات چیت کا آغاز خوش آئندعمل ہے، پیپلز پارٹی اورایم کیوایم کے اتحاد سے سندھ کے مسائل حل ہوں گے،وزیر اعظم نے سندھ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سندھ کی ترقی میں وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی ، وزیر اعظم نے کہا کہ حکمران جماعت اور پیپلز پارٹی مل کر ملک کو چیلنجز سے نکالنے کیلیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

دونوں جماعتوں میں ورکنگ ریلیشن شپ بڑھائی جائے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف ایشوز پر پیش کیے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کا بھی یقین دلایا ، ملاقات میں جمہوری عمل کی مضبوطی اور دیگر عوامی ایشوز کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن اور سندھ حکومت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سندھ حکومت کے مالی وسائل حل کرنے کے لیے وفاق کے تعاون کا وزیر اعظم نے یقین دلایا۔

Load Next Story