ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو 105رنز سے ہرا دیا

افغانستان کی ٹیم 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

بنگلادیش کے مشرفے مرتضیٰ 3 وکٹیں لے کر سب سے نمایاں بولر رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں بنگلا دیش نے افغانستان کو 105 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر کینبرا کے منوکا اوول گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بنگلادیش نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور اوپنرز انعام الحق اور تمیم اقبال نے کسی بھی طرح کا رسک لینے سے گریز کیا تاہم اس کے باوجود بھی 47 کے مجموعی اسکور پر بنگلادیشی ٹیم کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا اور 19 کے انفراد ی اسکور پر میر واعث اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، تمیم اقبال کے بعد انعام الحق بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک پائے اور 52 کے مجموعے پر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلادیش کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سومیا سرکار تھے جو 28 رنز بنا کر شاپور زادران کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ 119 کے مجموعے پر بنگلادیش کو چوتھے خسارے کا سامنا کرنا پڑا اور محمود اللہ 23 رنز بنا کر شاپور زادران کا ہی شکار بنے۔


محمود اللہ کے آؤٹ ہونے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے ٹیم نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، شکیب الحسن 63 اور مشفیق الرحیم 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بنگلادیش کا کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر ٹک نہ پایا اور پوری ٹیم بنگلادیش کی پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے حامد حسان، شاپور زادران، آفتاب عالم اور میر واعث اشرف نے 2،2 جب کہ محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی ٹیم 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، افغان ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی جاوید احمدی، افسر زازئی اور اصغر سانکزئی کی صورت میں تہرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث ہدف کا بوجھ مڈل آرڈر بلے بازوں کے کندھوں پر آگیا جو نیروز منگل، سمیع اللہ شینواری اور کپتان محمد نبی کچھ دیر تو برداشت کر پائے تاہم پھر انہوں نے بھی ہمت ہار دی اور بالترتیب 27، 42 اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں نجیب اللہ زادران 17، میر واعث اشرف 10 اور آفتاب عالم 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بنگلادیش کے مشرفے مرتضیٰ 3 وکٹیں لے کر سب سے نمایاں بولر رہے جب کہ شکیب الحسن 2، روبیل حسین، تسکین احمد اور محمود اللہ ایک، ایک وکٹ حاصل کر پائے۔ بہترین بلے بازی پر مشفیق الرحیم کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔
Load Next Story