جناح اسپتال کے نزدیک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو حادثات پیش آنے لگے

سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑگئے،ایمبولینسیں گڑھوں میں پھنس جاتی ہیں،مریضوں کی زندگیوں کوشدیدخطرات لاحق

گزشتہ ماہ کمشنرکراچی کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میںمتعلقہ محکمے کوسڑک کی مرمت کی ہدایت بے سود رہی ۔ فوٹو : ایکسپریس

جناح اسپتال کے نزدیک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو جناح اسپتال اور کارڈیو لے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے،جناح موڑ پر محکمہ صحت کے دفاتر کے سامنے سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑگئے۔

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے نزدیک محکمہ صحت کے دفاتر کے سامنے سڑک مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے۔سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑگئے،سیوریج کے مین ہولز سے ابلنے والا گندہ پانی ٹوٹنے والی سڑک پر تالاب کی شکل میں جمع ہوگیا جس کی وجہ سے سڑک اندھے کنویں میں تبدیل ہوگئی ہےگاڑیاں نہ صرف ان گڑھوں میں پھنس جاتی ہیں بلکہ بعض اوقات گاڑیاں الٹ جاتی ہیں، موٹرسائیکل سوار گرجاتے ہیں اور اکثر اوقات جناح اسپتال اور کارڈیو مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسیں بھی ان گڑھوں میں بری طرح پھنسی نظرآتی ہیں اور ٹریفک جام ہوتا ہے ۔جس کی وجہ سے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔


جناح موڑ کے سامنے واقع محکمہ صحت کے دفاتر کے سامنے یہ سڑک گزشتہ ایک سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ایمپریس مارکیٹ، شاہراہ فیصل، کینٹ اسٹیشن، بزرٹہ لائن، ہزارہ کالونی، کالا پل ، گورا قبرستان، محمود آباد، ڈیفینس، قیوم آباد کی طرف سے آنے والی گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں ان علاقوں سے لوگ جناح اسپتال اور امراض قلب کے اسپتال مریضوں کو لے جاتے ہیں ٹوٹی ہوئی سڑک کے سامنے محکمہ صحت کے 9 دفاتر واقع ہیں جن میں سی ایم ہاؤس پولیو سیل، ایڈز کنٹرول پروگرام سندھ، ڈبیلو ایچ او ، یونیسیف، پروونشیل ٹی بی کنٹرول شامل ہیں اس سڑک کے سامنے عبداللہ شاہ غازی رینجرز ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کمشنر کراچی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں متعلقہ محکمے کو ہدایت کی گئی تھی مذکورہ سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے لیکن تاحال اس سڑک کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے ۔
Load Next Story