خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے صنعت کیلیے ٹیکس رعایتیں مانگ لیں

خیبرپختونخوا میں قائم صنعتوں کو انکم، سیلز ٹیکس، ایکسائزوکسٹمز ڈیوٹی میں رعایت دی جائے، صوبائی حکومت کاوفاق کو خط

وفاق اور کے پی کے حکام کے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد مذکورہ تجاویز کے بارے میں حتمی فیصلہ ہوگا، ذرائع ۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا حکومت نے جنگ زدہ علاقہ ہونے کے باعث وفاق کو خیبرپختونخوا میں قائم صنعتوں کے لیے ٹیکسوں اور ڈیوٹی کی خصوصی رعایتیں دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔


اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وفاق کو خط لکھا گیا ہے کہ جس میں کے پی کے حکومت کی جانب سے وزارت خزانہ سے کہا گیاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے خیبرپختونخوا میں قائم صنعتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں لہٰذا جنگ زدہ علاقہ ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں قائم صنعتوں کو انکم ٹیکس، اشیا پر عائد سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں خصوصی رعایت دی جائے تاکہ خیبرپختونخوا میں قائم صنعتیں مشکلات سے نکل سکیں اور صوبے میں صنعتوں کو فروغ مل سکے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے لکھے جانے والے لیٹر میں دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) کو لیٹر بھجوایا گیا ہے جس میں ایف بی آرسے کہا گیا ہے کہ مذکورہ تجاویز کا جائزہ لے کر رپورٹ تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے کیونکہ اس حوالے سے جلد خیبرپختونخوا کے وزیراعلی ملاقات کے لیے آئیں گے اور وزیر خزانہ کے ساتھ مذکورہ معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے لہٰذا ایف بی آر اس بارے میں ریونیو پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں رپورٹ تیار کرکے بھجوائے۔ ذرائع کے مطابق وفاق اور کے پی کے حکام کے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد مذکورہ تجاویز کے بارے میں حتمی فیصلہ ہوگا۔
Load Next Story