گانا آئے یا نہ آئے گانا چاہیے

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ فلم بینوں نے ان کی اداکاری کے ساتھ ان کی گائیکی کو بھی پسند کیا۔

بالی وڈ اسٹارز ہر میدان میں خود کو منوانا جانتے ہیں۔ اس لیے وہ اپنے کام کی بدولت پوری دنیا میں مقبول و معروف ہوتے ہیں۔فوٹو: فائل

شوبز کی دنیا میں کئی لوگ ایسے ہیں جنہیں ہمہ جہت بھی کہا جا سکتا ہے کیوں کہ وہ نہ صرف اپنے بنیادی شوق یعنی ایکٹنگ سے فلم بینوں کا دل بہلا رہے ہوتے ہیں بلکہ دوسرے کام بھی کر رہے ہوتے ہیں۔

اس کی وجہ ان کی ذاتی تسکین ہوسکتی ہے یا پھر سب سے منفرد نظر آنے کا شوق بھی۔ وجہ کوئی بھی ہو۔ یہ بات تو صحیح ہے کہ بالی وڈ اسٹارز ہر میدان میں خود کو منوانا جانتے ہیں۔ اس لیے وہ اپنے کام کی بدولت پوری دنیا میں مقبول و معروف ہوتے ہیں۔ بولی وڈ کے کچھ ایسے بھی اسٹارز ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا شوق بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے باقاعدہ پلے بیک سنگنگ تو نہیں کی لیکن اپنی کسی نہ کسی فلم میں ایک آدھ گانا ضرور گایا ہے اور دل چسپ بات تو یہ ہے کہ فلم بینوں نے ان کی اداکاری کے ساتھ ان کی گائیکی کو بھی پسند کیا۔ گو یہ باقاعدہ گلوکار تو نہیں لیکن ان میں ایک اچھا گلو کار بننے کی صلاحیت ضرور ہے۔ بولی وڈ کے نام ور اسٹارز جنہوں نے اپنی فلموں میں گلوکاری کی اور کام یاب بھی رہے یہ ہیں۔

٭امیتابھ بچن: بگ بی اسٹار آف دا میلینیم ہیں۔ اپنے پورے فلمی کیریر میں سوائے درمیان کے کچھ سالوں کے انہوں نے ہمیشہ کام یابی اور کامرانی ہی حاصل کی۔ نئے آنے والوں کے لیے وہ ایک آئی کون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ لوگ ان کو کاپی کرکے اور ان کے انداز کو اپناکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ بگ بی کا فلمی سفر تو سپر ہٹ رہا، لیکن جب یار دوستوں کے کہنے پر انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو یہاں بھی وہ کام یاب رہے۔

انہوں نے اپنے پورے کیریر میں تقریباً بیس کے قریب گانے گائے اور کم و بیش سب ہی مقبول ہوئے۔ 1981میں ریلیز ہونے والی فلم سلسلہ میں ان کا ہولی پر گایا ہوا گانا رنگ برسے بھیگے چنر والی آج تین دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی اتنا ہی مقبول ہے جتنا اس وقت تھا۔ اب بھی ہر فنکشن یا ہولی کے تہوار میں اسے سنا یا گایا جاتا ہے۔ فلم گریٹ گیمبلر کا گانا دو لفظوں کی ہے دل کی کہانی، اسی طرح امر اکبر انتھونی کا گانا مائی نیم از انتھونی، فلم باغبان کا غمگین سونگ جسے سن کو آنکھوں آنسو آجا تے ہیں، میں یہاں تو وہاں زندگی ہے یہاںاور بھوت ناتھ کا چلو جانے دو اب چھوڑو بھی۔ بگ بھی کے چند ہٹ اور مقبول سونگز ہیں۔

شاہ رخ خان: کنگ خان کو بھی گلوکاری کا شوق ہے اور وہ ایک اچھا سنگر بھی بننا چاہتے ہیں، لیکن کیوںکہ ان کی ساری توجہ فلموں اور پروڈکشن کی طرف ہے، اس لیے وہ اپنے اس خواہش کی تکمیل نہیں کر سکتے، لیکن وقت ملنے پر ایک آدھ فلم میں انہوں اپنے اس شوق کو ضرور پورا کیا ہے۔ 1999میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم جوش جس میں ان کے ساتھ ایشوریا اور چندر چور سنگھ بھی تھے۔

اس فلم کے لیے شاہ رخ نے ایک گانا اپن بولا تو میری لیلیٰ گایا۔ یہ گانا ٹپوری انداز کا تھا۔ فلم کی ریلیز کے بعد یہ سونگ بہت ہٹ ہوا۔ مختلف چارٹس پروگرام میں یہ گانا ٹاپ پوزیشن پر رہا۔ شاہ رخ کو اس کا بہت اچھا ریسپانس ملا لیکن اس کے باوجود ایک لمبے عرصے تک انہوں نے کوئی گانا نہیں گایا۔ کچھ عرصے قبل ان کی ریلیز ہونے والی فلم ہیپی نیوایئر میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ اس فلم کا گانا منوا لا گے شاہ رخ نے ارجیت سنگھ اور شریاس گھوشل کے ساتھ گایا تھا۔

سلمان خان: بولی وڈ کے دبنگ خاں جن کی وجہ مقبولیت صرف فلمی اداکاری ہی نہیں اور بھی کئی ایسی باتیں ہیں جن کی بنا پر سلمان لوگوں میں پسند کیے جاتے ہیں۔ اپنی بینگ ہیومن این جی او کی وجہ سے سلمان عام لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔ فلموں کے انتخاب میں حد سے زیادہ محتاط رویہ رکھنے والے سلمان خان نے بھی گلوکاری کا شوق پورا کیا ہوا ہے۔

1999 میں فلم ہیلو برادرز میں سلمان نے چاندی کی دال پہ نیم مزاحیہ گانا گایا تھا۔ یہ گانا ہٹ ہو ا تھا۔ اس کے پندرہ سال بعد سلمان نے اپنی فلم کک میں ہینگ اوور، جمعہ کی رات ہے اور تو ہی تو گائے ہیں۔ ان پندرہ سال کے درمیانی عرصے میں سلمان نے گلوکاری کی طرف کوئی توجہ نہیں دی، حالاںکہ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں موسیقی کے حوالے سے آر ڈی برمن جیسی انرجی ہے۔ گلوکاری میں سلمان کے گرو ساجد واجد ہیں اداکار اور گلوکار سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم نو انٹری کے لیے گانے بھی لکھے ہیں۔

اکشے کمار: بولی وڈ کے کھلاڑی ایکٹر اکشے کمار کو بھی اب گلوکاری کا شوق چَرایا ہے۔ ان کے خیال میں اب انہیں اپنی فلموں میں ایک آدھ گانا تو ضرور گانا چاہیے، کیوںکہ اب یہ ٹرینڈ چل نکلا ہے کہ جو جتنا اچھا اور ہٹ ایکٹر ہے وہ سنگنگ بھی ضرور کرنے لگا ہے۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی اکشے کی فلم انٹرٹینمنٹ میں انہوں نے گانا گایا ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ فلم کک میں تین گانے جو سلمان نے گائے اور یہ گانے ہٹ بھی ہوئے اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اکشے نے بھی گلوکاری کا فیصلہ کیا تھا۔ انٹرٹیمنٹ کے بعد اگلی آنے والی اپنی چند فلموں میں اکشے اپنی گلوکاری کا شوق پورا کریں گے۔


عامر خان: مسٹر پر فیکشنسٹ عامرخان نے اپنے اب تک کے پورے فلمی کیریر میں صرف ایک ہی گانا گایا تھا اور یہ سونگ 1998میں ریلیز ہونے والی فلم غلام کا تھا۔ یہ گانا آتی کیا کھنڈالا آج بھی اتنا ہی مقبول ہے جتنا اس وقت ہوا تھا۔ اس گانے میں عامر کی آواز نے جادو کا کام کیا تھا۔ گانے کو بے تحاشا پسند کیا گیا، لیکن اتنی زیادہ پسندیدگی اور مقبولیت کے باوجود عامر نے دوبارہ اپنی کسی فلم کے لیے گلوکاری نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں گائیکی کا زیادہ شوق نہیں، کیوںکہ ان کے پاس اچھا گلا نہیں۔ البتہ سننے کا بہت شوق ہے۔ اپنی آواز گانے کے لیے انہیں بالکل بھی موزوں نہیں لگتی۔ شاید اسی وجہ سے عامر نے مزید گانے نہیں گائے اور اپنی ساری توجہ فلموں کی طرف ہی رکھی۔

فرحان اختر: ایکٹر، پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اب سنگر بھی، فرحان اختر نے فلم کے ہر شعبے میں خود کو آزمایا اور ہر جگہ وہ کام یاب ٹھیرے۔ 2008 میں اپنی پہلی فلم راک آن میں انہوں نے گلوکاری بھی کی۔ اس فلم کے لیے فرحان نے پانچ گانے گائے تھے۔ یہ تمام کے تمام ہٹ ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ریتھک روشن، ابھے دیول اور کترینہ کیف کے ساتھ ان کی بلاک بسٹر فلم زندگی نہ ملے گی دوبارہ میں بھی فرحان نے ایک گانا گایا تھا۔

سب ہی لوگوں کا کہنا ہے کہ فرحان میں ایک پروفیشنل گلوکار چھپا ہوا ہے۔ اگر وہ گائیکی کی باقاعدہ تربیت حاصل کرے تو ایک بہت اچھا پلے بیک سنگر بن سکتا ہے، لیکن اس حوالے سے فرحان کا کہنا ہے کہ وہ فلموں میں صرف اپنے شوق کی بنا پر گاتے ہیں۔ ان کی ساری توجہ ایکٹنگ اور پروڈکشن کی طرف ہے اور اگر ان کا کبھی دل چاہتا ہے تو وہ اپنا شوق اپنی کسی فلم میں گا کر پورا کر لیتے ہیں۔

پریانکا چوپڑہ: بولی وڈ کی یہ اداکارہ جہاں اداکاری میں خد کو ورسٹائل ثابت کرچکی ہیں، وہاں گلوکاری میں بھی پر یانکا نے کام یابی حاصل کی ہے۔ پریانکا نے پہلا گانا ایک تامل فلم کے لیے گایا تھا۔ بعدازاں انہوں نے باقاعدہ سنگنگ کاآغاز کیا۔ پریانکا کا کہنا ہے کہ گانے کا شوق ان کے والد کو ہے اور ان کی ہی خواہش کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے گلوکاری کی تربیت لینا شروع کی۔ پریانکا نے انٹرنیشنل کمپوزرز کے ساتھ بھی کام کیا اور ان کا ایک گانا i cant make u love meگایا تھا۔ انٹرنیشنل سنگرز کے ساتھ ریلیز ہونے والا یہ گانا بے حد ہٹ ہوا تھا۔پریانکا نے بولی وڈ میں بھی اپنی فلم میری کوم میں گانا گایا ہے۔ پریانکا نے خود کو ایک اچھی سنگر ثابت کیا ہے۔ اگر وہ اس پر سنجیدگی سے توجہ دیں تو یقیناً ان کا شمار بولی وڈ کی کام یاب اور سپر اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ کامیاب گلوکاراؤں میں بھی ہو گا۔

سوناکشی سنہا: سوناکشی نے بہت کم عرصے میں خود کو بہترین اداکارہ ثابت کیا ہے۔ انہوں نے اب تک کئی فلمیں کی ہیں، لیکن ان کی پہچان کا حوالہ ابھی تک سلمان خان کے ساتھ ان کی پہلی فلم دبنگ ہی بنتی ہے۔ اس لیے انہیں بولی وڈ میں دبنگ گرل سے بھی پکارا جاتا ہے۔ دوسری ہیروئنز کی دیکھا دیکھی سوناکشی کو بھی سنگنگ کا شوق چرایا ہے اور انہوں نے اپنی فلم تیور میں ایک گانا lets celebrateکی کچھ لائنیں گائی ہیں۔ سوناکشی کی آواز میں لوچ پایا جاتا ہے، اسی لیے اگر وہ سنجیدگی سے اپنے گانے کے شوق پر توجہ دیں تو ایک اچھی گلوکارہ بن سکتی ہیں اور ان کی آواز پلے بیک سنگنگ کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔

شردھا کپور: بولی وڈ میں ولین کی شہرت حاصل کرنے والے اداکار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور جس نے اداکاری اور گلوکاری میں جتنی کام یابی پائی اس کے بارے میں شاید انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ ہو گا۔ شردھا نے فلم عاشقی ٹو میں بلاک بسٹرگانے گائے۔ اس کے بعد فلم اک ولین کا گانا تیری گلیاں جس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ابھی تک شردھا خود بھی اس گانے کی مقبولیت سے حیران ہیں۔ شردھا نے فلم حیدر میں بھی سنگنگ کی شردھا کو ایک پروفیشنل سنگر بھی کہا جاسکتا ہے، کیوںکہ وہ فلموں میں گانے کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ فنکشنز میں بھی گاتی ہیں۔

عالیہ بھٹ: فلم میکر مہیش بھٹ کی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ کا نئی کھیپ کی ان ہیروئنز میں ہوتا ہے جو ایک وقت میں سب کچھ کرلینا چاہتے ہوں۔ عالیہ نے اپنے فلمی کیریر کا آغاز فل اسٹوڈنٹ آف دی ایئر سے کیا تھا۔ یہ فلم اوسط درجے کی کام یابی حاصلؒ کرپائی تھی۔ تاہم اس کے بعد آنے والی ان کی دوسری فلم ہائی وے میں گلوکاری کی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی فلم ہمٹی شرما کی دلہنیا میں گانا سمجھاواں گایا۔ یہ گانا خاصا مقبول ہوا۔ اکیس سالہ عالیہ بھٹ نے ابھی سے ہی خود کو ہر طرح سے پر فیکٹ ثابت کرنا شروع کر دیا ہے ممکن ہے کہ مستقبل میں ان کا شمار بولی وڈ کی منجھی اور کامیاب گلو کارہ اور اداکارہ کے طور کیا جائے۔

سنجے دت: بولی وٖڈ کے منا بھائی سنجے دت جنہیں عام طور پر سنجو بابا کہا جاتا ہے کو بھی سنگنگ کا شوق ہے۔ انہوں نے 1999میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم خوب صورت میں ایک گانا اے شیوانی گایا تھا۔ یہ گانا سپر ہٹ ہوا تھا اور کافی عرصے تک اس کی مقبولیت کی بازگشت سنائی دیتی رہی تھی۔ بعدازاں سنجے نے اپنی فلم زندہ میں پاکستانی موسیقی بینڈ اسٹرنگز کے ساتھ ایک گانا گایا تھا۔

ریتھک روشن: بولی وڈ کے سپر ہیرو ریتھک روشن نے زویا اختر کی فلم زندگی نہ ملے گی دوبارہ میں ایک گانا senortia دوسرے ایکٹرز کے ساتھ مل کر گایا تھا۔ اپنی آواز کو سن کر شاید ریتھک نے خود بھی بے حد انجوائے کیا ہوگا اور آئندہ کبھی نہ گانے کا فیصلہ بھی کرلیا ہو گا۔

اس کے علاوہ جوہی چاولہ نے بھوت ناتھ میں سر ی دیوی نے فلم چاندنی مادھوری ڈکشٹ نے ڈیڑھ عشقیہ اور ابھیشیک بچن نے فلم بلف ماسٹر میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
Load Next Story