نئی ملازمت کے دوران کن چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے

نئی ملازمت کے دوران اگر آپ کے پاس مواقع ہیں تو اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کو آزمائیے

نئی ملازمت میں آپ کے ساتھی ورکرز آپ کی کسی قسم کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو آپ انہیں بالکل بھی نظرانداز مت کریں فوٹو : فائل

نئی ملازمت ایک ایسی خوشی اور اطمینان دیتی ہے، جو شاید میٹرک پاس کرنے پر ہی ہوتی ہے۔ اچھی ملازمت کا حصول یقینا ایک دشوار ترین مرحلہ ہے۔

اگر آپ ملازمت پانے میں کامیاب ہو ہی گئے ہیں اور چند وجوہات کی بناء پر آپ اسے قائم نہیں رکھ پاتے، تب اگلی ملازمت کے لئے آپ کو انتہائی سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہے اور خوش قسمتی سے اگر آپ کو اگلی نئی ملازمت مل جاتی ہے تو وہاں ایسی باتوں کو نظرانداز کرنا پڑے گا جن کی بناء پر آپ نے اپنی پچھلی ملازمت کو چھوڑا تھا۔

نئی جاب میں آپ کو بہت کچھ نیا سیکھنے کو بھی ملے گا۔ برداشت، ثابت قدمی اور مستقل مزاجی ایسے گر ہیں، جو اگر آپ کی شخصیت میں ہیں تو آپ کو کامیابی حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ نئی جگہ پر ملازمت کے حوالے سے ہر وہ شخص خوف زدہ ہوتا ہے جو نئی ملازمت کر رہا ہوتا ہے، جس میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ آیا وہ اپنے باس کو اپنی کارکردگی سے مطمئن کر پائے گا ؟کیا باس اس کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی پروموشن کرے گا؟ کیا نئے کولیگز اس کے ساتھ تعاون پر آمادہ ہوں گے ؟یہ اور ایسے ہی کئی سوالات اکثر دماغ میں گردش کرتے رہتے ہیں، چنانچہ اگر آپ ذیل میں دی گئی چند باتوں کو اپنی نئی ملازمت کے دوران نظر انداز نہیں کریںگے تب آپ کو یقینا اپنے مندجہ بالا سوالات کے جوابات بھی مل جائیں گے۔



خود کو وقت کا پابند بنائیں اور اسے ثابت بھی کیجئے۔ کسی بھی ملازمت کا سب سے پہلا اور دیرینہ اصول وقت کی پابندی ہے جو لوگ اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ زندگی میں بھی وقت کی اہمیت سے آگاہ رہتے ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتے۔

اگر نئی ملازمت میں آپ کے ساتھی ورکرز آپ کی کسی قسم کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو آپ انہیں بالکل بھی نظرانداز مت کریں، کیوں کہ اس سے ایک اچھے عمل کا آغاز ہوگا۔ یقینا نئی جگہ پر آپ کو کئی دشواریاں یا مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اپنے کام کے حوالے سے کسی کی مدد بھی درکار ہو سکتی ہے تو ابتداء میں اپنا رویہ ایسا مثبت رکھیں کہ آپ کے کو لیگز میں آپ کا اچھا تاثر قائم ہو۔ اس حوالے سے کوئی آپ کی مدد بھی کرنا چاہے تو اسے خوش دلی سے قبول کریں کیونکہ یہ مدد آپ ہی کے کام آنے والی ہے۔ خود کو کبھی بھی اس بات کی عملی تفسیر بنا کر پیش نہ کریں کہ میں سب کچھ جانتا ہوں یا مجھے سب کچھ آتا ہے، اس لئے مجھے کسی کی بھی مدد کی ضرورت نہیں۔ یاد رکھیں اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ اپنا ہی نقصان کریں گے پھر آفس کے کسی مشکل مرحلہ میں کوئی بھی آپ کے کام نہیں آئے گا۔

نئی ملازمت کے دوران سب سے اہم مرحلہ اپنے ساتھی ورکرز سے تعلقات بڑھانا ہے کیونکہ آپ کی ملازمت میں یہ لوگ آپ کے کام آنے والے ہیں۔ اس لئے اگر ان کولیگز میں سے کوئی آپ کو لنچ کی آفر کرے تو اسے انکار کرنے کے بجائے خوش دلی سے قبول کریں کیونکہ یہی وہ وقت ہے جب تمام ساتھی ورکرز مل کر ایک ساتھ لنچ کرتے ہیں اور آپ کے لئے اپنے ساتھی ورکرز کو قریب سے جاننے کا یہ مناسب موقع بھی ہو سکتا ہے۔


دفتری اوقات میں بے جا گپ شپ سے بچنا بھی ضروری ہے۔ عام طور پر کسی بھی دفتر میں ایسا ماحول بھی پایا جاتا ہے کہ دوران لنچ یا پھر واٹر کولر کے پاس پانی پینے کے بہانے چند افراد کھڑے ہو کر گپ شپ کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ بات یاد رکھیں کہ آپ کو اس قسم کے کسی بھی گپ شپ کا حصہ نہیں بننا کیونکہ آپ کی نئی ملازمت میں آپ کے لئے یہ بات نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے اس لیے اپنے کان کھلے لیکن منہ بند رکھنا ہی آپ کے لئے بہتر ہے۔

نئی ملازمت کے دوران خود کو کسی لگے بندھے کام تک ہی محدود نہ رکھیں، اگر آپ کے پاس مواقع ہیں تو اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کو آزمائیے، نئی تکنیک اور نئے خیالات اپنے کولیگز یا پھر اپنے باس سے ڈسکس کریں، ممکن ہے کہ کام میں آپ کی دلچسپی آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہو اور آپ کے ساتھیوں کے ساتھ باس بھی آپ سے خوش ہو۔ پھر نہ صرف اپنے آئیڈیاز دیں بلکہ دوسروں کے خیالات اور آئیڈیاز کی بھی تعریف کریں اور جہاں تک ممکن ہو ان کو اچھے مشورے بھی دیں۔ یاد رکھیں آپ کی نئی ملازمت میں آپ کے پاس ابتدائی دنوں میں خود کو اہل ثابت کرنے کے کئی ایک مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔



نئی جگہ پر ملازمت حاصل کر لینے کے بعد وہاں اپنے پرانے باس یا ساتھی ورکرز کی غیبت یا شکایات نہ کریں کیونکہ جب آپ اپنے پرانے تعلقات کو منفی انداز میں بیان کریں گے تب آپ کے نئے ساتھیوں کو آپ کے خلاف باتیں کرنے کا موقع مل جا ئے گا۔ نئے دفتر میں آپ کے لئے مختلف قسم کی کہانیاں بننا شروع ہو جائیں گی جو کہ یقینا آپ کی نئی ملازمت میں آپ کے لئے اچھی بات نہیں ہو گی۔

ممکن ہے آپ کے ساتھی ورکرز کے لئے یہ حیران کن بات ہو کہ آپ اپنے پرانے کولیگز کی برائیاں اور اپنی اچھائیاں بیان کر رہے ہیں اور آپ کا یہ رویہ آپ اور ان میں دوری پیدا کر دے۔ نئی جگہ ملازمت کے حوالے سے یہ عمل آپ کے لئے منفی ثابت ہو سکتا ہے۔ لہذا ایسی کسی بھی سر گرمی سے خود کو دور رکھیں اور اپنی شخصیت کو مثبت انداز میں پیش کریں۔ پچھلی تمام باتوں کو بھلا کر ایک اچھی سوچ اور کام کا آغاز کریں اور خود کو بہترین ورکر ثابت کریں۔

نئی جگہ پر ملازمت کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ کسی بھی طرح اپنے راز یا کسی قسم کی رازدارانہ معلومات کسی سے شیئر نہ کریں کیونکہ نئی جگہ پر آپ ابھی اپنے ساتھی ورکرز کی نفسیات سے مکمل طور سے آگاہ نہیں۔ آپ نہیں جانتے کہ آپ کی کس بات کو کس قسم کا رنگ دے دیا جائے گا یا وہ کس طرح باس تک پہنچے گی۔ اس لئے ہر قسم کی معلومات اور انفارمیشن کو اپنے تک ہی محدود رکھیں۔ البتہ جب آپ نئی ملازمت میں لوگوں کے رویوں کے بارے میں جان لیں تب ان پر اعتماد کر سکتے ہیں۔

اپنی نئی ملازمت کے دوران ابتدائی چند دن آپ کے لئے بے حد اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ خود کو یا اپنے نئے ساتھی ورکرز کو اس بات کا احساس کبھی مت دلائیں کہ آپ کے پاس خود اعتمادی نہیں۔ اپنے آپ کو پر اعتماد رکھیں اور دوسروں کو بھی اس بات کا احساس دلائیں۔

اگر باس آپ کو کچھ اہم پروجیکٹس دینا چاہ رہا ہے، تو اسے اس بات کا احساس نہ دلائیں کہ آپ کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں یا آپ اس بارے میں مکمل معلومات نہیں رکھتے بلکہ بغیر کسی سوال کے آپ وہ پروجیکٹ قبول کریں اور اس پر محنت سے کام کر کے دکھائیں۔
Load Next Story