ٹنڈولکر کا دل بیٹنگ سے بھرنے لگا ریٹائرمنٹ پر غور

39 برس کا ہو گیا، زیادہ کرکٹ نہیں بچی، آئندہ ماہ معاملات کا جائزہ لوں گا، بیٹسمین

39 برس کا ہو گیا، زیادہ کرکٹ نہیں بچی، آئندہ ماہ معاملات کا جائزہ لوں گا، بیٹسمین فوٹو : اے ایف پی

بیٹنگ کے بیشتر ریکارڈز اپنے قبضے میں کرنے کے بعد بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر کا دل اب کرکٹ سے بھرنے لگا۔

انھوں نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیتے ہوئے نومبر میں مستقبل کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ میں39 برس کا ہو گیااور مجھے نہیں لگتا کہ مجھ میں اب بہت زیادہ کرکٹ بچی ہے، میں یقینی طور پر کھیل سے کنارہ کشی کا سوچ رہا ہوں مگر یہ سب میری جسمانی صلاحیت اور ذہنی قوت پر منحصر ہوگا، جب مجھے یہ احساس ہوا کہ میں وہ نہیں کر پا رہا جس کی مجھ سے توقع کی جاتی ہے تو اسی وقت معاملات کو نئے سرے سے دیکھنا شروع کردوں گا،انھوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کو الوداع کہنا میری زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ہوگا۔


میں یہ اقدام صحیح موقع ہی اٹھائوں گا، ٹنڈولکر نے کہا کہ رنز بنانا اور دل میں کھیلنے کی خواہش ہونا دو مختلف باتیں ہیں،اس لیے میں وہی کروں گا جو میرا دل کہتا ہے۔ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے پوری زندگی کھیل کے میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کیااور پھر ایک دن اچانک ہتھیار ڈال دینا بہت مشکل کام ہے، میں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں سوچا کہ جب ریٹائر ہوا تو کیسا محسوس ہوگا،مختلف فارمیٹ سے بیک وقت علیحدگی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ تمام باتیں میں اپنے حساب سے طے کروں گا، مجھے اس کے لیے ابھی کچھ سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔

جب میں نومبر میں کھیلوں گا تب نئے سرے سے چیزوں کے بارے میں اندازہ ہوگا، انھوں نے کہاکہ میں دباؤ میں اچھا کھیلتا ہوں، مجھے ایسا کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوتی،میں جب بھی میدان میں اترتا ہوں، میرے دل میں ملک کے لیے کچھ کر گزرنے کی خواہش ہوتی ہے، اسی وجہ سے کرکٹ کھیلنے کے لیے اپنی جان لگادیتاہوں،جس دن میں کھیلنا بند کر دوں میں نہیںچاہتا کہ ذہن میں یہ سوال اٹھے کہ میں نے اپنی زندگی کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
Load Next Story