بریٹ لی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

آسٹریلوی اسپیڈ اسٹار آئی پی ایل اور بگ باش میں جادو جگاتے رہنے پر آمادہ

سڈنی، آسٹریلوی اسپیڈ اسٹار بریٹ لی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر خوشگوار موڈ میں۔ فوٹو/ایکسپریس

انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوران پنڈلی کی انجری سے دوچار بریٹ لی نے جمعے کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، دو برس قبل ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہ دینے والے فاسٹ بولر ستمبر میں سری لنکا میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20 کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو چھوڑنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن حالیہ انجری نے انھیں قبل از وقت یہ اعلان کرنے پر مجبور کردیا، تاہم وہ بھارتی ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ایونٹ آئی پی ایل اور بگ باش میں بدستور اپنا جادوجگاتے رہیں گے۔


گذشتہ ہفتے ڈرہم میں انگلینڈ کیخلاف سیریز کا چوتھا ون ڈے ان کے کیریئر کا الوداعی انٹرنیشنل میچ بن گیا، 1999 کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف ڈیبیو کرنے والے بریٹ لی نے 2010 میں آسٹریلیا کے چوتھے کامیاب بولر کے طور پر طویل دورانیے کے کھیل کو خیرباد کہا، شین وارن (708 وکٹیں ) گلین میک گرا (563)، ڈینس للی(355) اور بریٹ لی نے 76 ٹیسٹ میچز میں 310 وکٹیں اپنے نام کیں، 2005 میں انھوں نے پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے بعد دنیا کی دوسری تیزترین گیند 99.9 میل فی گھنٹے کی رفتارسے گیند کرائی،

فروری 2010 میں ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے ون ڈے اورٹوئنٹی20 میں آسٹریلیا کی نمائندگی جاری رکھی، کیریئر کے 221 ون ڈے انٹرنیشنل میں انھوں نے 380 وکٹیں لیکر میک گرا کا آسٹریلوی ریکارڈ برابر کیا تاہم میک گرا نے ایک وکٹ آئی سی سی ورلڈ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی حاصل کی، جس کی وجہ سے تکنیکی طور پر میک گرا کا مجموعی ریکارڈ 381 شکار ہے، بریٹ لی نے 25 ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں 28وکٹیں بھی اپنے نام کیں، ان کا کیریئر انجری سے خاصا متاثر ہوا لیکن انھوں نے برق رفتاری سے بولنگ کی اپنی روش تبدیل نہیں کی۔
Load Next Story