کولمبیا میں ٹیچرنےانگریزی حروف تہجی کوبطورنام اپنالیا

یہ نام میں نے جان بوجھ کر چُنا ہے کیوں کہ مجھے ہر کسی کو حیران کردینے کا شوق ہے،لیڈی ٹیچر

لیڈی ٹیچر نے محض انگریزی حروف تہجی کو بطور نام نہیں اپنایا بلکہ اس نام کو قانونی شکل دی ہے۔فوٹو فائل

ہر انسان کا کوئی نہ کوئی شوق ضرور ہوتا ہے۔ تاہم کچھ لوگوں کے شوق بے حد منفرد اور انوکھے ہوتے ہیں۔

کولمبیا کی ان خاتون ہی کو لیجیے۔ انھیں منفرد نام رکھنے کا شوق ہے۔ دارالحکومت بوگوٹا کی رہائشی یہ خاتون پیشے کے لحاظ سے ٹیچر ہے اور کچھ عرصے کے بعد اپنا نام بدل لیتی ہے۔ کچھ روز پہلے تک عزیزواقارب اور دوست احباب اسے ' لیڈی زُنگا سائی بورگ' کے نام سے جانتے تھے۔ 36 سالہ ٹیچر نے جب اپنا نام بدل کر لیڈی زُنگا رکھا تھا تو اس پر لوگوں نے کافی حیرت ظاہر کی تھی، مگر جو شناخت ' لیڈی زنگا' نے اب اپنے لیے منتخب کی ہے، اس نے اسے عالمی ذرائع ابلاغ بالخصوص سوشل میڈیا کے صارفین کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔


لیڈی زنگا کا نیا نام ABCDEFG HIJKLMN OPQRST UVWXYZہے! یہ پڑھ کر یقیناً آپ بھی حیران رہ گئے ہوں گے۔ ممکن ہے آپ اسے پاگل اورخبطی بھی سمجھ رہے ہوں۔ مگر اس خاتون کے بارے میں یہ سوچنے والے آپ اکیلے نہیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان گنت لوگ اسے بے وقوف، سستی شہرت حاصل کرنے کی خواہش مند، پاگل، دیوانی اور نہ جانے کن کن خطابات سے نواز رہے ہیں۔



لیڈی ٹیچر نے محض اپنے طور پر انگریزی حروف تہجی کو بہ طور نام نہیں اپنایا بلکہ اس نام کو قانونی شکل دی ہے۔ اس نے حکومت سے نیا شناختی کارڈ حاصل کرلیا ہے جس پر اس کے نام کا ابتدائی حصہ ABCDEFG HIJKLMN اور ثانوی حصہ یا سَرنیم OPQRST UVWXYZ درج ہے۔ لیڈی زنگا کو انگریزی حروف تہجی کو اپنی شناخت بنانے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سرکاری اداروں سے دو سال تک قانونی جنگ لڑنے کے بعد اس کی یہ خواہش پوری ہوئی تھیں۔ ' مس انگریزی حروف تہجی' کا کہنا ہے،'' لوگ مجھے پاگل، خبطی اور نہ جانے کیا کیا کہہ رہے ہیں مگر یہ نام میں نے جان بوجھ کر چُنا ہے کیوں کہ مجھے ہر کسی کو حیران کردینے کا شوق ہے۔ ''
Load Next Story