کالی آندھی زمبابوین ہوش اڑانے کے لیے بھی تیار

کپتان جیسن ہولڈر کو کرس گیل کے فارم میں آنے کی امید ہے

زمبابوین سائیڈ آئرلینڈ کی طرح کیریبیئن سائیڈ کو مزہ چکھانے کی خواہاں ہے۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ پول بی میں منگل کو ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کا مقابلہ ہوگا جہاں کالی آندھی افریقی حریف کے ہوش اڑنے کیلیے بھی تیار ہے۔

کپتان جیسن ہولڈر کو کرس گیل کے فارم میں آنے کی امید ہے، دوسری جانب زمبابوین سائیڈ آئرلینڈ کی طرح کیریبیئن سائیڈ کو مزہ چکھانے کی خواہاں ہے، 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم کو زیر کرنے کے لیے کوچ ڈیو واٹمور کی معلومات پر انحصار کیا جارہا ہے، ہیملٹن مساکیڈزا کہتے ہیں کہ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے اپنے پہلے ورلڈ کپ میچ میں جنوبی افریقہ کا ڈٹ کر سامنا کیا مگر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، البتہ یو اے ای پرکامیابی سے اس کے حوصلے کافی بلند اور اب وہ ویسٹ انڈیز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہے۔


زمبابوین بیٹنگ کافی مستحکم لیکن بولنگ عدم تسلسل کا شکار ہے، خاص طور اختتامی اوورز میں بولرز کی پرفارمنس تشویش کا باعث بن چکی، پروٹیز سے میچ کے آخری 10 اوورز میں زمبابوے نے 146 رنز دیے جبکہ یو اے ای نے ان اوورز میں 81 رنز بنائے تھے، ٹیم کا انحصار ڈیو واٹمور کے تجربے پر ہے، بیٹسمین ہیملٹن مساکیڈزا نے کہاکہ کوچ نے ہم پر گہرا اثر ڈالا، انھوں نے چند چیزیں تبدیل کیں اور ہمیں درست سمت دی، وہ ہمارے ساتھ کافی عمدگی سے کام کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کا حوصلے بلند اور ڈریسنگ روم کا ماحول کافی خوشگوار ہے۔ ہم ویسٹ انڈیز پرکامیابی کیلیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ سے میچ میں ففٹی بنانیوالے چھامو چھیبابا گھٹنے کی تکلیف کے باعث یو اے ای سے مقابلے میں حصہ نہیں لے پائے تھے، ان کے بارے میں حتمی فیصلہ میچ سے قبل متوقع تھا۔ دوسری جانب پاکستان کیخلاف 150کی بڑی فتح سے ویسٹ انڈین حوصلے بھی آسمان کو چھورہے ہیں، ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے ڈیرن براوو اس میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا ہے کہ کرس گیل جلد ہی فارم میں آجائیں گے۔

 

Load Next Story