وارن نے کلارک کی حمایت اور کوچ ڈیرن لی مین پر تنقید کا سلسلہ شروع کردیا

وارن میرے دوست ہیں میرے خیال میں ان کی بات کو سمجھا نہیں گیا، کلارک

وارن نے پھر شوشا چھوڑا کہ لی مین کپتان کو بائی پاس کرنا چاہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے سابق اسپن اسٹار شین وارن ریٹائرمنٹ کے باوجود خبروں میں رہنے کا ہنر جانتے اور آئے روز کسی نہ کسی معاملے میں سامنے آتے رہتے ہیں۔


ورلڈ کپ کے دوران انھوں نے اپنے دوست مائیکل کلارک کی حمایت اور کوچ ڈیرن لی مین پر تنقید کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، پہلے انھوں نے دعویٰ کیا کہ لی مین، کلارک کو نقصان پہنچانے کیلیے انھیں ان فٹ ہونے کے باوجود میدان میں اترنے پر مجبور کرتے رہے۔ کوچ نے اس بیان کو بکواس قرار دیا جبکہ کلارک نے کہا کہ وارن میرے دوست ہیں میرے خیال میں ان کی بات کو سمجھا نہیں گیا، وہ میڈیکل اسٹاف کے بارے میں کہہ رہے تھے۔ وارن نے پھر شوشا چھوڑا کہ لی مین کپتان کو بائی پاس کرنا چاہتے ہیں۔

تب ہی تو قائمقام کپتان اسٹیون اسمتھ کی جگہ انھوں نے بھارت سے میلبورن ٹیسٹ میں خود باہر سے اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اشارہ کیا۔ اس پر اسمتھ کا کہنا ہے کہ لی مین تو بائونڈری کے قریب بیٹھ کر میچ دیکھ رہے تھے، میں نے ایک فیلڈر کو آواز دی تو وہ میری طرف متوجہ نہیں تھا جس پر لی مین نے انھیں میری طرف متوجہ کیا، یہی چیز ٹی وی پر دکھائی گئی ہوگی جس کا غلط مطلب لیا گیا۔
Load Next Story