کراچی میں برگر کھانے سے بچی کی ہلاکت پر ریسٹورنٹ بند

بلدیاتی عملے کی کارروائی کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور ملازمین بدحواس ہوگئے، سامان ضبط کرلیا گیا

نارتھ ناظم آباد میں دلپسند ریسٹورنٹ کو ضلعی اور بلدیاتی حکام نے بند کردیا ہے، فوٹو: ایکسپریس

مضر صحت برگر کھانے سے بچی کی ہلاکت ثابت ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نارتھ ناظم آباد میں واقع سوئٹس اینڈ ریسٹورنٹ بند کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے رہائشی ڈاکٹر عبدالباری کی 13 سالہ بیٹی کنزا دلپسند ریسٹورنٹ کا مضر صحت برگر کھانے سے دم توڑ گئی تھی، برگر کی لیبارٹری رپورٹ موصول ہوگئی تھی جس کے بعد بدھ کی شام کو ضلعی انتظامیہ نے وزیر بلدیات کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد میں واقع دلپسند سوئٹس اینڈ ریسٹورنٹ بند کرادیا۔

کارروائی کرنے والی ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر رفیق احمد، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، فوڈ ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عرفان موجود تھے، جیسے ہی ٹیم کارروائی کے لیے پہنچی تو وہاں بھگدڑ مچ گئی، دلپسند سوئٹس اینڈ ریسٹورنٹ کے ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا، ملازمین بدحواس ہوگئے اور افراتفری پھیل گئی، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی، ضلعی انتظامیہ کے افسران نے موقع پر موجود تمام سامان ضبط کرکے دکان اور ریسٹورنٹ کو بند کرادیا، کارروائی کے دوران آس پاس کی دکانیں بھی بند ہوگئیں جبکہ لوگوں کا جم غفیر لگ گیا۔


ڈائریکٹر سلمیٰ کوثر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دلپسند سوئٹس اینڈ ریسٹورنٹ کو شہریوں کے وسیع تر مفاد میں بند کرایا گیا ہے، اس کے برگر میں فوڈ پوائزننگ ثابت ہوگئی تھی جوکہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر تھا، ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے واضح کیا کہ ریسٹورنٹ کو سربمہر (سیل) نہیں کیا گیا بلکہ صرف بند کیا گیا ہے کیونکہ ان کے اختیارات صرف بند کرنے کے ہی ہیں، سربمہر کرنے کے اختیارات مجسٹریٹ کے ہوتے ہیں۔

دریں اثنا اس سلسلے میں ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد ناصر سمیع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کی ہے، اس سے قبل انھیں آگاہ کیا گیا جس پر انھوں نے پولیس کی نفری مذکورہ ٹیم کے ہمراہ روانہ کی اور انھیں مکمل مدد فراہم کی گئی، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بھی کہا کہ ریسٹورنٹ کو صرف بند کیا گیا ہے سربمہر نہیں کیا گیا،دریں اثنا ڈاکٹر عبدالباری نے بدھ کو دلپسند ریسٹورنٹ بندکیے جانے کے بعد ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ وہ مقدمے میں اب تک کی جانے والی کارروائی سے مطمئن ہیں، وہ بیٹی کی قبر کشائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

 

Load Next Story