سینٹرل جیل اور لانڈھی جیل میں حفاظتی انتظامات مزید سخت

بیرکوں کی تلاشی بھی لی گئی ، جیل میں لائے جانے والے سامان کی کڑی جانچ پڑتال

بیرکوں کی تلاشی بھی لی گئی ، جیل میں لائے جانے والے سامان کی کڑی جانچ پڑتال

لاہور:
حیدرآباد سینٹرل جیل میں قیدیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد کراچی کی سینٹرل جیل اور لانڈھی جیل میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے جبکہ سینٹرل جیل میں مختلف بیرکوں کی تلاشی بھی لی گئی،، یہ بات آئی جی جیل خانہ جات غلام قادر تھیبو نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔


تفصیلات کے مطابق جمعہ کو حیدرآباد کی سینٹرل جیل میں قیدیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی جس میں پولیس اہلکاروں کو بھی یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے صورتحال پر قابو پالیا، اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر آئی جی جیل خانہ جات غلام قادر تھیبو نے کہا کہ حیدرآباد واقعے کے بعد کراچی کی سینٹرل جیل اور لانڈھی جیل میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سینٹرل جیل کی مختلف بیرکوں کی تلاشی بھی لی گئی۔

تاہم کوئی قابل اعتراض اشیا برآمد نہیں ہوئیں، جیل میں آنے والے ہر فرد کی مکمل جامہ تلاشی لی جارہی ہے جبکہ قیدیوں کے لیے ان کے ملاقاتیوں کی جانب سے لائے جانے والے سامان کی بھی کڑی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ، جیل کی سیکیورٹی میں ایف سی کا تعاون بھی جاری ہے ، آئی جی جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ لانڈھی جیل میں بھی سیکیورٹی اقدامات سخت کردیے گئے جبکہ جیل کے داخلی و خارجی راستوں پر نفری بڑھادی گئی ہے ، غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ جیل پولیس چوکس ہے اور انتہائی جانفشانی ، لگن اور دلجمعی سے اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف عمل ہے ۔
Load Next Story