ملک بھر میں بارش کی رم جھم سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی

حالیہ بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیاہ بدلیوں کا راج ہے۔ فوٹو: فائل

KURRAM AGENCY:
ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث جاتی سردی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی ہے۔

ملک کے بیشتر حصے مغرب سے بارش برسانے والا سسٹم کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے کہیں وقفے وقفے سے موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت، اس کے جڑواں شہر راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ آسمان سے گرتی بوندوں نے ہر منظر کو نکھار دیا ہے۔


لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سرگودھا ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، سیلاکوٹ اور چیچہ وطنی، ملتان اور رحیم یار خان میں بھی سیاہ بدلیوں کا راج ہے۔ وقفے وقفے سے بوندا باندی نے خنکی میں اضافہ کردیا ہے۔ بلوچستان میں سبی، ڈیرہ بگٹی اور ڈہرہ مراد جمالی میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ حب، لسبیلہ، تربت، گوادر، پسنی اور دیگر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ پنجاب اور بلوچستان کی طرح سندھ میں خیر پور، جیکب آباد ، لاڑکانہ اور دادو میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور بدین میں گزشتہ 2 روز سے کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں جس نے ہفتہ وار چھٹی کا مزہ دوبالا کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔ اس دوران ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسلا دھار بارش اور اس دوران پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔
Load Next Story