عام آدمی پارٹی کی نئی دلی میں حکومت آتے ہی پارٹی میں اختلافات پھوٹ پڑے

اختلافات کی بنا پر پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا عوام سے دھوکا دہی کے مترادف ہے، پارٹی سربراہ اروند کیجریوال

پارٹی کے اندرونی مسائل میں الجھے بغیر تمام توجہ عوام کی بھلائی پر دوں گا، اروند کیجروال فوٹو: فائل

حکومت میں آتے ہی عام آدمی پارٹی کو ایک بار پھر اختلافات نے گھیر لیا ہے اور پارٹی کنوینر اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ اختلافات کی بنا پر پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا عوام سے دھوکا دہی کے مترادف ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق اروند کیجریوال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں پارٹی میں موجودہ بحران پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام ہم پر بھروسہ کرکے اقتدار میں لائے لہٰذا باہمی کشمکش اور اختلافات کی بنا پر پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا عوام سے دھوکا دہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے پارٹی کی موجودہ صورتحال کو ''بدصورت جنگ'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتے اس لئے وہ ان مسائل میں الجھے بغیراپنی تمام توجہ عوام کی بھلائی اور حکومت کو مضبوط کرنے پر دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چند پارٹی رہنماؤں کی طرف سے اروند کیجریوال کے خلاف سازشیں کرکے انہیں پارٹی کنوینر کے عہدے سے ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے۔
Load Next Story