وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم کےدورہ سعودی عرب سے دونوں ملکوں کو باہمی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع میسر آئے گا، دفتر خارجہ

وزیر اعظم نواز شریف کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کی خصوصی دعوت دی تھی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم نواز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔



وزیراعظم ریاض کے شاہ خالد ایئر پورٹ پہنچے تو سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے میں سعودی فرماں روا سےاہم ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے سعودی عرب کے دورے سے دونوں ملکوں کی قیادت کو باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

دورے پر روانگی سے قبل وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے 2 انتہائی مقدس مساجد کے نگراں ہیں، جس کی وجہ سے ہر پاکستانی کے دل میں سعودی فرماں روا کے لیے خصوصی جگہ ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کی خصوصی دعوت دی تھی۔
Load Next Story