اروند کیجریوال پارٹی میں اختلاف کے باعث کنوینر کے عہدے سے مستعفی

پارٹی کے آج ہونے والے اہم اجلاس میں 2 اہم اور باغی رہنماؤں پرشانت بھوشن اور یوگیندرا یادؤ کے مستقبل کا فیصلہ متوقع ہے

پارٹی کو اختلافات کی بنا پر بحران میں ڈالنا ریاست کے عوام سے دھوکا دہی کے مترادف ہے، اروند کیجریوال فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے پارٹی کے اہم اجلاس سے قبل ہی کنوینر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کی 21 رکنی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج ہورہا ہے جس میں پارٹی کے 2 اہم اورباغی رہنماؤں پرشانت بھوشن اور یوگیندرا یادؤ کے مستقبل کا فیصلہ متوقع ہے تاہم اس اہم اجلاس سے قبل ہی اروند کیجریوال پارٹی کنوینر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔


اس موقع پراروند کیجریوال کہنا تھا کہ باہمی اختلاف کے باعث پارٹی کو بحران میں ڈالنا ریاست کے عوام سے دھوکا دہی کے مترادف ہے جب کہ وہ ان مسائل میں الجھے بغیر اپنی تمام توجہ عوام کی بھلائی اور حکومت کو مضبوط کرنے پر دیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت میں آتے ہی عام آدمی پارٹی کو ایک بار پھر اختلافات نے گھیر لیا ہے اور پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چند مفاد پرست رہنما اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اروند کیجریوال کے خلاف سازشیں کرکے پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story