دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اورسعودی عرب کی مشترکہ دشمن ہے وزیراعظم

مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم نوازشریف

وزیر اعظم نواز شریف کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کی خصوصی دعوت دی تھی۔ فوٹو: ایس پی اے

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اورسعودی عرب کی مشترکہ دشمن ہے جب کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم نوازشریف سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر ریاض پہنچے تو شاہ خالد ایئر پورٹ پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جب کہ اس موقع پرانہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، اس کے بعد وزیراعظم شاہی محل روانہ ہوئے جہاں فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈاراوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔

شاہ سلمان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سیاسی تعلقات محدود نہیں اور شاہ سلمان کے دور میں باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ہمارے مشترکہ دشمن ہیں جب کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں جب کہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران عالمی سیاست اور علاقائی صورتحال سمیت پاکستان اور سعودی عرب میں توانائی،تجارت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔


واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

 

 
Load Next Story