بنگلادیش نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

بنگلادیش نے 319 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

تمیم اقبال کی 95 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 27 ویں گروپ میچ میں بنگلا دیش نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیا گیا 319 رنز کا ہدف بنگلادیش نے 49ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، تمیم اقبال کی 95 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ محمود اللہ کے 62 اور مشفیق الرحیم کے 60 رنز بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم سنگ میل ثابت ہوئے، شکیب الحسن 52 اور صابر رحمان 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسکاٹ لینڈ کے جوش ڈیوی نے 2 جب کہ آئی این وارڈلا اور الیسڈیئر ایونس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر اسکاٹ لینڈ کے کائل کوئٹزر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔


قبل ازیں اسکاٹ لینڈ نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کائل کوئٹزر کے شاندار 156 رنز کی بدولت 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر318 رنز بنائے۔ اسکاٹش ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر گری جب میک لیوڈ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ہمیش گارڈینر بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد میٹ میچن نے کوئٹزر کے ساتھ 78 رنز کی شراکت جوڑی اور وہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن کوئٹزر نے شاندار بلے بازی جاری رکھی اور وکٹ کے چاروں طرف شاٹس کھیل کر بنگال ٹائیگرز کو تگنی کا ناچ نچاتے رہے، انہوں نے 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 156 رنز بنائے۔

پرسٹن مومسن نے 39 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ رچی بیرنگٹن کے درمیان 141 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور مومسن 43 ویں اوور میں 39 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رچی بیرنگٹن نے 26 اور میتھیو کراس نے ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، ناصر حسین نے 2 جب کہ شکیب الحسن، شبیر رحمان اور مشرفی مرتضٰی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

Load Next Story