ورلڈکپ کے اہم میچ میں شاہین اور پروٹیز آج مد مقابل ہوں گے

آج آکلینڈ میں بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور اگر میچ نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا

جنوبی افریقا سے میچ کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں، کپتان مصباح الحق، فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ورلڈ کپ کے گروپ "بی" کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوگا جب کہ اس اہم میچ میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں آج شاہین پروٹیز سے ٹکرائیں گے، کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے قومی ٹیم کے لیے اس میچ میں جیت انتہائی ضروری ہے جس کے لئے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ نے حکمت عملی تیارکرلی۔ جنوبی افریقا کے خلاف قومی ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کئے جانے کا امکان ہے جب کہ اوپننگ بلے باز ناصر جمشید کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو 11 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔


دوسری جانب کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا سے میچ کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں اور نہیں چاہتے کہ میچ بارش کی نذر ہو جائے اور ایک پوائنٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا ایک اچھی ٹیم ہے اور ان کے پاس بہترین بلے باز موجود ہیں تاہم قومی ٹیم کے اہم بولر محمد عرفان مکمل فٹ ہیں اور وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ادھر پاک افریقا میچ کے موقع پر آک لینڈ کا موسم بھی کچھ بے ایمان ہونے کا امکان ہے جہاں نیوزی لینڈ کے محکمہ موسمیات نے آج بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ میچ بارش کی نذر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story