جنگجو تنظیم داعش کے ’’ٹوئٹر‘‘ پر 46 ہزار کے قریب اکاؤنٹس ہیں رپورٹ

اکاؤنٹس سے زیادہ تر ٹوئٹس عربی زبان میں کی گئیں جب کہ ہر اکاؤنٹ کے 1000کے قریب فالوورز ہیں،امریکن بروکنگ انسٹی ٹیوٹ

زیادہ تر اکاؤنٹس گزشتہ سال بنائے گئے ہیں، امریکی ادارے کی رپورٹ، فوٹو : فائل

HYDERABAD:
امریکی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگجو تنظیم داعش کے سماجی رابطے کی سائٹ پر 46 ہزار کے قریب اکاؤنٹس ہیں۔

امریکن بروکنگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جنگجو تنظیم داعش کے 46 ہزار کے قریب اکاؤنٹس موجود ہیں جن کا تعلق براہ راست جنگجو تنظیم داعش اور اس کے حامیوں سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس سے زیادہ تر ٹوئٹس عربی زبان میں کی گئی ہے جس میں ہر 5 میں سے ایک ٹوئٹ انگریزی میں بھی ہے اور ہر اکاؤنٹ کے ایک ہزار کے قریب فالوورز ہیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگجو تنظیم کی جانب سے زیادہ تر اکاؤنٹس گزشتہ سال بنائے گئے ہیں تاہم یہ اکاؤنٹس ان ایک ہزار اکاؤنٹس کے علاوہ ہیں جنہیں ٹوئٹر کی انتظامیہ نے 2014 کے آخر میں بند کیا تھا لیکن اس کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں نئے اکاؤنٹس کا سامنے آنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ جنگجو تنظیم داعش کی حمایت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جنگجو تنظیم داعش کے پرتشدد واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہوتی رہتی ہیں جب کہ تنظیم کی جانب سے مبینہ طور پر ٹوئٹر پر حملے کی بھی دھمکی دی گئی ہے۔
Load Next Story