پاکستان کے ورلڈ کپ جیتنے پر حیرت ہوگی شان پولاک

کوئی شک نہیں کہ پاکستان جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن گرین شرٹس میں اعتماد کا فقدان ہے، سابق جنوبی افریقی کپتان

کوئی شک نہیں کہ پاکستان جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن گرین شرٹس میں اعتماد کا فقدان ہے، شان پولاک۔ فوٹو: فائل

سابق جنوبی افریقی کپتان شان پولاک کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے ورلڈ کپ جیتنے پر مجھے حیرانی ضرور ہوگی اگرچہ اسکواڈ میں میچ کا تن تنہا پانسہ پلٹنے والے پلیئرز ضرور موجود ہیں مگرگرین شرٹس میں اعتماد کا فقدان نظر آرہا ہے۔


آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں برطانوی نشریاتی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پروٹیز پیسر نے کہا کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف میچ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے، حریف کی فارم اور کارکردگی گذشتہ 6 ماہ میں اچھی نہیں رہی، پولاک نے مزید کہاکہ یقیناً گرین شرٹس کی بھی کوشش ہوگی کہ اس مقابلے میں فتح حاصل کریں لیکن ان کی بیٹنگ ابھی تک ناکام رہی ہے، اگر جنوبی افریقہ پاکستانی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لا کر جلدی وکٹیں لینے میں کامیاب رہا تو ہم یہ میچ باآسانی جیت جائیں گے۔ پاکستان کی خراب کارکردگی کے بارے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ کوئی بھی ٹیم اگر محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید خان جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کو اتنے بڑے ایونٹ سے پہلے کھو دے تو یہ عنصر اس کی کارکردگی پر ضرور اثرانداز ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے بقیہ میچز میں اچھا کم بیک کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتنے کے سوال پر پولاک نے کہا کہ فتح کے لیے اعتماد نہایت ضروری ہے لیکن گرین شرٹس میں اس کا فقدان نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم لگاتار تین میچز جیت کر سیمی فائنل تک پہنچ سکتی ہے لیکن اس کے لیے بہت ہی عمدہ کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ پولاک نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن موجودہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے اگر وہ ٹرافی حاصل کرلے تو مجھے حیرانی ہوگی۔
Load Next Story