دکاندار سے لوٹ مار ڈاکوئوں کی فائرنگ سے اپنا ساتھی ہلاک

دکاندار کے شور مچانے اور اہل محلہ کے تعاقب پر بھاگتے ہوئے فائرنگ کی زد میں ڈاکو آگیا

شارع نورجہاں پر پولیس مقابلے میں زخمی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،مسروقہ کار برآمد فوٹو: فائل

مومن آباد میں دکاندار سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا ساتھی ہلاک ہوگیا ۔


شارع نور جہاں پولیس نے مقابلے کے بعد مسروقہ کار برآمد کر کے ٹریکر جیمر ڈیوائس برآمد کرلی جبکہ مقابلے میں زخمی ملزم کو اس کا ساتھی اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگیا، تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی اورنگی ٹاؤن میں واقع جہانگیر پینٹ ہاؤس کی دکان پر 3 ڈاکو نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ دکاندار نے شور مچا دیا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور ان کا تعاقب شروع کر دیا اس دوران ڈاکوؤں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

جبکہ دیگر 2 ڈاکو موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی اسپتال پہنچائی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی۔
Load Next Story