پاکستان کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے ’بیلسٹک میزائل شاہین تھری‘ کا کامیاب تجربہ

ہر قسم کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کا حامل شاہین 3 میزائل  2 ہزار 750 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے

مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، سربراہ اسٹریٹیجک پلان ڈویژن فوٹو: فائل

پاکستان نے طویل فاصلے پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق زمین سے زمین تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل شاہین 3 ہر قسم کے روایتی اور ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہین 3 میزائل 2 ہزار 750 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بناسکتا ہے۔ تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلٰی افسران، اسٹریٹیجک پلان ڈویژن کے حکام اور میزائل کی تیاری سے منسلک سائنسدان اور ماہرین بھی موجود تھے۔

اسٹریٹیجک پلان ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے وطن عزیز کے دفاع میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر منصوبے میں شامل سائنسدانوں اور انجینئیرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے بھی شاہین 3 بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


 

Load Next Story