ایپل نے حیرت انگیز فیچرز پر مبنی نئی واچ متعارف کرادی

جدید ترین ایپل واچ کو آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس سے کنیکٹ کیا جاسکتا ہے

جدید ترین ایپل واچ رواں برس کے اپریل تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی جب کہ اس کی قیمت 350 ڈالر سے شروع ہوگی، فوٹو: رائٹرز

JAKARTA:
ایک طویل انتظار کے بعد ایپل کارپوریشن نے ایپل واچ کی تفصیلات ظاہر کردی ہیں لیکن اس کی باضابطہ فروخت اپریل میں شروع ہوگی اور اس کی قیمت 350 ڈالر سے شروع ہوگی ۔

ایپل نے ڈیجیٹل اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کی حامل اس شاہکار کو '' ایپل واچ '' کا سادہ نام دیا ہے جسے تجزیہ نگار آئی واچ بھی قرار دیتے رہے تھے، اس طاقتور اور خوبصورت واچ کو آئی او ایس 8 کے حامل آلات کے علاوہ آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس سے کنیکٹ کیا جاسکتا ہے۔

ڈجیٹل ٹچ: لمس کا نیا احساس

سان فرانسسکو میں ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کُک نے ایپل واچ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کلاسک، ڈجیٹل یہاں تک کے مکی ماؤس کے ڈیزائن والی ایپل واچ بھی تیار کی گئی ہیں اور اسی طرح لیڈیز واچ ماڈل بھی بنائے گئے ہیں جب کہ اس جدید ایپل واچ پر آپ فوج کال بھی وصول کرسکتے ہیں۔ ٹم کک نے بتایا کہ وہ 5 سال کی عمر سے فون والی گھڑی کے خواب دیکھ رہے تھے اور اب اس کی تعبیر سامنے ہے ۔


ایپل واچ میں ایک اور حیرت انگیز فیچر ''ڈیجیٹل ٹچ'' ہے جس کے ذریعے واچ کی جانب ایک بٹن دباتے ہی آپ اپنے ایپل واچ والے دیگر دوستوں سے جڑ سکتے ہیں، آپ کی دل کی دھڑکن دوست تک پہنچے گی اور آپ کوئی خاکہ بناکر اسے بھیج سکیں گے جو اس کی واچ پر ناچ کر اسے آپ کی یاد دلائے گا اور آپ جیسے ہی اپنی گھڑی پر تھپتھپائیں گے تو اس کی سرسراہٹ دوست کی واچ پر موصول ہوگی جس آپ اندازہ لگاسکتےہیں کہ یہ فیچر انسانی لمس سے کتنا قریب ہے اور فیس بک کے پوک اور واٹس ایپ سے کہیں زیادہ طاقتور بھی ہے۔

ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کی شاہکار ایپل واچ میں پورا کمپیوٹر ایک چپ پر سمودیا گیا ہے، اس پر نصب مائیکروفون سے آپ واچ کو ہدایات بھی دے سکتے ہیں، واچ کی بیٹری مختلف ہے لیکن ایک رات چارج کرنے پر یہ 18 گھنٹے تک کام کرے گی۔ ایپل واچ کو ہوٹل اور گھر کا دروازہ کھولنے کے لیے بطور اسمارٹ کارڈ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جب کہ اس جدید ترین واچ میں ایک ایپس کے ذریعے آپ اپنے کمرے اور گیراج میں کیمرہ لگاکر اس کی لائیو فوٹیج آپ گھڑی پر دیکھ سکتے ہیں!

قیمت

ایپل کے سی ای او نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس واچ کی قیمت لگ بھگ 349 ڈالر سے شروع ہورہی ہے جس کا سائز 38 ملی لیٹر ہے جب کہ بڑی واچ کا سائز 42 ملی میٹر تک ہے اور ان کی قیمتیں 549 ڈالر سے 1,049 ڈالر تک ہے، عوام کے لیے رواں سال کے اپریل سے یہ جدید ترین ''ایپل واچ'' مارکیٹ میں دستیاب ہوگی جب کہ ''ایپل واچ ''ایڈیشن کی قیمت شاید 10 ہزار ڈالر تک ہوگی۔

واضح رہے کہ ایپل واچ کے تینوں ایڈیشنز میں وائی فائی، جی پی ایس، دھڑکن نوٹ کرنے والا نظام، اور دیگر بہت کارآمد ایپس موجود ہیں۔
Load Next Story