وزیراعظم نوازشریف آصف زرداری کے عشائیے سے کھانا کھائے بغیر روانہ

پیپلزپارٹی نے رضا ربانی کی صورت میں اچھا امیدوار نامزد کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم

حکومت جب اپنی مدت پورے کرے گی تب ہم اپنی سیاست کا آغاز کریں گے، آصف زرداری، فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی تاہم وہ کھانا کھائے بغیر روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم نوازشریف وفاقی وزرا پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے دیئے گئے عشائیے پر زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا جب کہ عشائیے میں مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین،مشاہد حسین سید، اسفند یار ولی، ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی،رؤف صدیقی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، سینیٹ کے نامزد چیرمین رضا ربانی سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی شریک تھے تاہم جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی جانب سے سابق صدر کے ظہرانے میں شرکت نہیں کی گئی۔


وزیراعظم نوازشریف نے زرداری ہاؤس میں سیاسی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور اس دوران خوشگوار ماحول میں گفتگو کے ساتھ چیرمین سینیٹ کی افہام و تفہیم سے نامزدگی پر مبارکباد کے پیغامات بھی دیئے گئے، اس موقع پر موجود سیاسی رہنماؤں نے رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی جب کہ عشایئے میں مہمانوں کی تواضع سیخ کباب، مٹن پالک، چکن اچاری، مچھلی، وائٹ چکن اور گاجر کے حلوے سے کی گئی تاہم وزیراعظم عشائیے سے کھانا کھائے بغیر ہی روانہ ہوئے۔

وزیراعظم نوازشریف نے عشایئے کے موقع پر گفتگو میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں نہ بلائے جانے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا اچھا ہوتا کہ ہمیں بھی گزشتہ رات اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں بلایا جاتا تو ہم بھی چیرمین سینیٹ کی نامزدگی کے فیصلے میں شامل ہوتے تاہم پیپلزپارٹی نے رضا ربانی کی صورت میں اچھا امیدوار نامزد کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں جب کہ وزیراعظم نے ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے انتخاب کا اختیار بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کو دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے جیتنے والے خود ڈپٹی چیرمین سینیٹ کا نام تجویز کریں، ڈپٹی چیرمین کے لیے بلوچستان کی جماعتیں جس کی حمایت کریں گی ہم بھی اس کی مکمل حمایت کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کو دہشت گردی اور توانائی جیسے مسائل کا سامنا ہے اور تمام مسائل پر مل جل کر قابو پالیں گے جب کہ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ رضا ربانی کی حمایت پر وزیراعظم کے مشکور ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے، حکومت جب اپنی مدت پورے کرے گی تب ہم اپنی سیاست کا آغاز کریں گے۔
Load Next Story