5 سالہ پابندی کے بعد اب موسم محمد عامر کے آڑے آگیا

راولپنڈی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں محمد عامر کی انٹری سے پہلے ہی بارش نے میدان کو تالاب بنا دیا

بارش میں خدا کی کوئی حکمت ہوگی جب کہ ابھی 3 سے 4 میچز ہونا باقی ہیں اور میری توجہ ان پر ہے، محمد عامر،فوٹو:فائل

آئی سی سی کی جانب سے 5 سالہ پابندی کا سامنا کرنے والے قومی کرکٹر محمد عامر طویل عرصے بعد ایک بار پھر میدان میں اترنے کے لیے بے تاب تھے اور ان کی یہ خواہش آج ڈومیسٹک کرکٹ سے پوری ہونا تھی تاہم راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش نے ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہونے دیا۔

اسپاٹ فکسنگ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 22 سالہ محمد عامر پر 5 سال کی پابندی عائد کی تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کے حق میں دائر اپیل کی وجہ سے یہ پابندی جلد ختم کرتے ہوئے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی جس کے بعد انہیں اپنی گریڈ ٹو کی ٹیم عمر ایسوسی ایشنز کی جانب سے پنڈی کے میدان میں تین روزہ میچ سے اپنی بولنگ کی نئی زندگی کے سفر کا آغاز کرنا تھا تاہم پنڈی میں بادل عامر کی بولنگ سے پہلے ہی اپنی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے خوب برسے جس کے بعد میدان تالاب کا منظر پیش کرنے لگا اور محمد عامر کرکٹ میں ایک بار پھر اپنی انٹری سے تھوڑی دیر کے لیے محروم ہوگئے کیونکہ اب یہ تین روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔


بارش کی اس مداخلت پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ یقیناً اس میں خدا کی کوئی حکمت ہوگی جب کہ ابھی 3 سے 4 میچز ہونا باقی ہیں اور میری توجہ ان پر ہے کیوں کہ آئندہ میچ میں مخالف ٹیم کافی مضبوط ہے اور ہمیں اس کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے 2010 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نوبال کرنے پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے محمد عامرپر 5 سال کی پابندی عائد کردی تھی جس کےبعد رواں سال 2 ستمبر کو ان پر پابندی ختم ہوجائے گی اور انہیں ایک بار پھر عالمی کرکٹ میں دیکھا جاسکے گا۔
Load Next Story