عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار عامر خان سمیت 27 افراد کو 90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے کردیا

عامر خان سمیت تمام افراد کو عدالت میں آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر لایا گیا تھا، رینجرز حکام

عامر خان کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا یہ اچھی بات نہیں، وکیل ایم کیو ایم، فوٹو: آن لائن

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار کئے گئے 27 ملزمان کو 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا ۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز حکام نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اطراف کے گھروں سے حراست میں لئے گئے 27 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پرعدالت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری عدالت کے اطراف موجود رہی جب کہ عدالت کے احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ بعد ازاں عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان سمیت 27 ملزمان کو 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا۔

پیشی کے بعد ایم کیو ایم کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن اس کے باوجود رابطہ کمیٹی کے انچارج عامر خان کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا یہ اچھی بات نہیں، گزشتہ روز رینجرز کی جانب سے کہا جاتا رہا کہ عامر خان کو انکوائری کے لئے لے جایا گیا ہے لیکن آج انہیں 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا گیا۔

Load Next Story