پاکستان کا سمجھوتا ایکسپریس حملے کی تحقیقات میں تاخیر پر بھارت سے شدید احتجاج

دفتر خارجہ نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی کے دوران میڈیا کوریج پر بھی شدید احتجاج ریکارڈ کرایا

ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے عدالتی احکامات پربھارتی واویلے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، دفتر خارجہ، فوٹو:فائل

پاکستان نے بھارت میں تعینات اپنے ہائی کمشنرکی نئی دلی میں دفتر خارجہ طلبی کے موقع پر میڈیا کوریج اورسمجھوتا ایکسپریس حملے کی تحقیقات میں تاخیرپر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا جس میں ان سے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی دفتر خارجہ طلبی کے موقع پر میڈیا کوریج اور سمجھوتا ایکسپریس حملے کی تحقیقات میں تاخیر پر شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا تھا کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے عدالتی احکامات پربھارتی واویلے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بھارت اس حوالے سے غیر ضروری شور کررہا ہے جب کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی سے ممبئی حملوں کے ٹرائل پراثرنہیں ہوگا۔

حکام کا مزید کہنا تھا بھارت سے جب بھی سمجھوتاایکسپریس کی تحقیقات کا معاملہ اٹھایا جاتاہے تو وہ برہم ہوجاتا ہے جب کہ سمجھوتا ایکسپریس پر حملہ بھارتی ریاستی اداروں کی متفقہ دہشت گردی کا منصوبہ تھا اور یہ واقعہ ممبئی حملوں سے2 سال قبل ہوا تھا۔ حکام نے کہا کہ بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرکونئی دلی میں طلب کرکے میڈیا کو بھی بلایا گیا جو سفارتی اداب کے منافی تھا۔
Load Next Story