لاہور کے 2 گرجا گھروں پر خودکش حملوں میں 15افراد ہلاک 65 سے زائد زخمی

مشتعل لوگوں نے 2 مشکوک افراد کو پکڑ کر انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلادیا۔

وزیر اعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔فوٹو: اے ایف پی

PESHAWAR:
یوحنا آباد میں واقع 2 گرجا گھروں میں خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جب کہ 65 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں واقع کرائسٹ اور کیتھولک گرجا گھروں میں اتوار کی خصوصی عبادات جاری تھیں کہ 2 خودکش حملہ آوروں نے اندر جانے کی کوشش کی تاہم وہاں سیکیورٹی پر مامور افراد نے انہیں روک لیا جس پر انہوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔ دھماکوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت جنرل اسپتال پہنچایاگیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 2 بچوں سمیت 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ 65 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا، مشتعل افراد نے جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو پکڑ لیا تاہم انہوں نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے تتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فیروز پور روڈ پر زندہ جلادیا، جس کے بعد مظاہرین نے میٹرو بس سروس روڈ پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کرکے بس سروس معطل کردی اور بس سروس کے کئی جنگلے توڑ دیئے۔ حکومت نے مظاہرین کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے واٹر کینن بھی طلب کرلی۔


وزیراعظم نوازشریف نے لاہور دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں اور دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے لاہور میں چرچ دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جانی نقصان پردکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ میری دعائیں ہلاک اورزخمی ہونے والوں اوران کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور خدا سےدعاہےکہ پاکستان میں امن اوراستحکام قائم ہو۔

سانحہ یوحنا آباد کے خلاف پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ مشنری تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

 

Load Next Story