صارفین اشیا کے معیار اور ملاوٹ سے متعلق شکایات درج کرائیں کمشنر کراچی

درج شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور قوانین پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی،

صارفین اشیائے صرف کی قیمت، معیار اور ملاوٹ سے متعلق اپنے حقو ق کے حصول کے لیے انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو اپنی شکایات درج کرائیں، کمشنر. فوٹو: فائل

KARACHI:
صارفین کو اپنے حقوق کے لیے متحرک ہونا پڑے گا، اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول کر نے اور غیر معیاری اور ملاوٹی اشیا بیچنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی مہم جاری رہے گی، یہ بات نے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے صارفین کے حقوق کے عالمی دن پر واک کی قیادت اور شرکا سے خطاب میں کہی۔


کمشنر نے کہا کہ صارفین اشیائے صرف کی قیمت، معیار اور ملاوٹ سے متعلق اپنے حقو ق کے حصول کے لیے انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو اپنی شکایات درج کرائیں، اس سلسلے میں کمشنر کراچی کنٹرول روم نمبر02199203443 پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہیں، درج شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور قوانین پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی، کراچی کی ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ملاوٹ کی روک تھام کے لیے کوششیں کررہی ہے اس سلسلے میں صارفین کے حقوق کی تنظیموں کا تعاون حاصل کرکے انھیں ٹاسک فورس میں نمائندگی دی گئی ہے۔

واک کا اہتمام صارفین کے حقوق کے لیے کام کر نے والی مختلف تنظیموں نے کیا تھا جن میں کنزیومر ز ایسوسی ایشن آف پاکستان،کنزیومر رائٹس پروٹیکشن اورکنزیومرز کونسل شامل تھے، واک میں صارفین کے حقوق کی تنظیموں کے رہنما کوکب اقبال، شکیل بیگ اور عمران شہزاد کے علاوہ ڈائریکٹر جنر ل پاکستان کوالٹی کنٹرول اتھارٹی برکت میمن اور ڈائریکڑ فوڈ بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر عرفان احمد شریک تھے۔
Load Next Story