متحدہ کے کارکنوں کی عدم پیشی کی درخواست پر ڈی جی رینجرز اور آئی جی سے جواب طلب

رینجرز نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران 110 افراد کو گرفتار کیا جن میں سے 24 کوعدالت میں پیش نہیں کیا، ایم کیو ایم

رینجرز نے گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اس کے اطراف میں کارروائی کرتے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا تھا فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے حراست میں لئے گئے 24 افراد کو عدالت میں پیش نہ کئے جانے سے متعلق درخواست پر محکمہ داخلہ سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے جواب طلب کرلیا ہے۔


سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ رینجرز نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران 110 افراد کو گرفتار کیا جن میں سے 24 کارکنوں کو اب تک کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ نائن زیرو سے حراست میں لئے گئے افراد کا طبی معائنہ اور ان کی اپنے اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے۔ درخواست پر عدالت عالیہ نے محکمہ داخلہ سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ پولیس کو 24 مارچ تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اس کے اطراف میں کارروائی کرتے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا تھا جن میں کئی کو عدالت میں پیش کیا جاچکا ہے۔
Load Next Story